مزید خبریں

انسداد پولیو مہم میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی،عذرا پیچوہو

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے حیدرآباد، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد ڈویژنز کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی ہیلتھ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ انسداد پولیو مہم پر کوئی بھی سمجھوتہ نہ کریں جبکہ انکاری کیسزاور غیر موجود کیسز کو ختم کرکے صحت کی سہولیات میں مطلوبہ ادویات کی وافر مقدار میں دستیابی سمیت تمام تر مطلوبہ سہولیات کو یقینی بنائیں ۔یہ ہدایت انہوں نے حیدرآباد ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص ڈویژنز میں ماہ مئی کے دوران چلائی گئی انسداد پولیو مہمات کا جائزہ لینے کے حوالے سے شہباز ہال حیدرآباد میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت محمد قاسم سومرو ، صوبائی کوآرڈی نیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو فیاض حسین عباسی ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سندھ ڈاکٹر محمد جمن باہوٹو، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن ، ڈویژنل کمشنر میرپورخاص سید اعجاز شاہ و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی -اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ جن اضلاع میں انسداد پولیو مہم میں 100 فیصد کوریج نہیں ہوئی ہے ان اضلاع کو اپنی کارکردگی کا جائزہ لیکر 100فیصد کوریج کو یقینی بنانا ہوگا ۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ مائیکرو پلان کو چیک کیا جائے اور اگرکسی پولیو ورکر نے اپنے پلان میں کسی گھر میں 4بچوں کو شمار کیا ہے تو اسے کنفرم کرنے کے لیے اس گھر کا جائزہ لیا جائے اور غلط ہونے پر اس کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ جن اضلاع میںغیر موجود یا زیرو ڈوز والے بچے رکارڈ ہوئے ہیں ان کی انکوائری کی جائے کہ غیر موجود کیس اور زیرو ڈوز کی وجہ کیا ہے ،انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایاجائے ۔