مزید خبریں

بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی جان ہیں، حسین محنتی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی جان کہلاتے ہیں۔جن کے ذریعے گلی محلوں کے مسائل حل کرنے کے ساتھ عوام تک پارٹی کی دعوت و پیغام پہنچانے کا بھی ذریعہ ہوتے ہیں۔ شیڈول اعلان ہونے کے باوجود سندھ کی حکمراں جماعت و اس کے اتحادیوں کا عدالت کے ذریعے بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنا تشویشناک عمل ہے۔ سندھ میں پرامن، آزادانہ اور صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ منصورہ میں اجتماع ارکان سے خطاب کے دوران کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ سندھ ایک مظلوم صوبہ ہے،پیپلزپارٹی سندھ میں تسلسل کے ساتھ اقتدار میں رہنے کے باوجود عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے، تیل گیس زراعت سمیت قدرتی نعمتوں سے مالا مال اہل سندھ آج پینے کے صاف پانی صحت و تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ان تمام مسائل کا حل اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں عوام ایسے نمائندوں کو منتخب کریں جو ان کے دکھوں کا مداوا کریں۔ ارکان جماعت بلدیاتی انتخابات میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہاکہ اللہ کے دین کی سربلندی اور عوام کے حقوق کے لیے باطل سے ٹکرانا جہاد ہے۔ ہماری تمام جدوجہد کا مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا ہونا چاہیے۔ امیر ضلع مولانا فقیر محمد، مدیر جامعہ مولانا احسن بھٹو، حافظ لطف اللہ بھٹو اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر موجودتھے۔