اسلام آباد (آن لائن ) سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے جمعہ کی شام نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے بد ترین لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا وزیر خزانہ غلامی کی چلتی پھرتی تصویر بنا ہوا ہے، مہنگائی اور بدترین لوڈشیڈنگ قوم کو نفسیاتی مریض بنا رہی ہے۔ اس موقع پرریجنل صدر اسلام آباد علی نواز اعوان اور سینیٹر شبلی فراز کے علاوہ نوجوانوں، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔اسد عمرنے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 26 مئی کو دھرنے کی کال واپس لے کر ملک کو بچایا اس دن ہمیں اداروں سے لڑانے کی کوشش کی گئی انہوں نے کارکنان سے کہا کہ الیکشن کی تیاری کریں ممبر سازی کیمپس لگائیں اور اپنے ووٹ کا درست اندراج کروائیں۔ پاکستان کے تمام مسائل کا فوری حل عوام کے منتخب نمائندوں کو اقتدار کی منتقلی ہے۔