مزید خبریں

دنیا بھر میں 70کروڑ افراد بجلی سے محروم ہیں ، عالمی بینک

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) عالمی بینک کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 70کروڑ سے زائد افراد کو بجلی تک رسائی حاصل نہیں ہے ،جب کہ 2 ارب 40 کروڑ لوگ ایسے ہیں کہ جو ابھی تک ایندھن سے توانائی حاصل کرنے پر انحصار کر رہے ہیں جو کہ صحت اور ماحولیات کے لیے نقصاندہ ہے۔ انرجی پروگریس رپورٹ کے مطابق 2030 ء تک 67 کروڑ افراد بجلی سے محروم رہیں گے جو کہ گزشتہ برس کے تخمینے سے ایک کروڑ زیادہ ہیں۔ انرجی پروگریس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کوروناوائرس ، لاک ڈاؤن، عالمی سپلائی چین میں رکاوٹیں، خوراک اور ایندھن کی قیمتوں کو کم رکھنے کے لیے مالی وسائل کا انحراف جیسے اثرات نے 2030 ء تک سستی اور جدید توانائی تک رسائی کو یقینی بنانے کی کوششوں کو متاثر کیا ہے۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ افریقا اور ایشیا کے جن 9 کروڑ افراد کو اس سے پہلے بجلی تک رسائی حاصل تھی وہ اب بجلی کی بنیادی ضرورت کو پورا کرنے لیے ادائیگی سے قاصر ہیں۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ معاشی سرگرمیوں اور تمام تر رکاوٹوں کے دوران قابل تجدید توانائی ہی ترقی کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔ یاد رہے کہ 2010 ء میں دنیا کی 83 فیصد آبادی کو بجلی تک رسائی حاصل تھی جو 2020 ء میں بڑھ کر 91 فیصد تک پہنچ گئی تھی ۔ اس طرح عالمی سطح پر اس کی تعداد میں ایک ارب 30 کروڑ کا اضافہ ہوا۔