مزید خبریں

امریکا ، قبرستان اور چرچ میں فائرنگ سے 3افراد ہلاک

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست وسکونسن کے قبرستان میں فائرنگ سے کئی افراد زخمی ہوگئے۔امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست سکونسن کے علاقے ریسین کے قبرستان میں پیش آیا۔ نامعلوم حملہ آور وں کی فائرنگ کے وقت ایک شخص کی آخری رسومات ادا کی جارہی تھیں۔ مقامی حکام کے مطابق حملہ آورفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا اور پولیس نے حملہ آور وں کی تلاش شروع کردی ہے۔ دوسری جانب ریاست آئیووا کے ایک چرچ کی پارکنگ میں فائرنگ کے واقعے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آئیووا کے چرچ کی کارپارکنگ میں مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 2 خواتین کو ہلاک کردیا اور پھر گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کی شناخت اور حملہ آور سے رشتے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جا سکتا ۔ واضح رہے کہ امریکا میں 15 مئی کے بعد سفید فام نوجوان کی فائرنگ سے 10 سیاہ فام، اسکول پر 18 سالہ نوجوان کی فائرنگ میں 2 اساتذہ اور 19 طلبہ ، جب کہ اسپتال میں فائرنگ سے 4 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ادھر امریکی صدر جوبائیڈن نے ملک میں ہتھیاروں سے متعلق قوانین سخت تر بنانے کی اپیل کی ہے۔ قوم سے خطاب میں امریکی صدر جوبائیڈن نے ملکی کانگریس سے مطالبہ کیا کہ اسلحہ سے ہلاکتوں کی روک تھام کے لیے قانون سازی کی جائے۔