مزید خبریں

بدترین مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی،حسین محنتی

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پاکستان کا روشن مستقبل دیانتدار قیادت سے وابستہ ہے،بدترین مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔عوام بھوک و افلاس اور بیروزگاری کے باعث خودکشی کر رہے ہیں،حکمرانوں نے انتہائی سخت شرائط پر قرضوں کی صورت ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی باج گزار ریاست بنادیا ہے۔تعلیم ،انصاف ،معیشت،نظام حکومت اور خارجہ پالیسی سمیت ہر چیز عالمی اداروں کو گروی کردی ہے۔ حکمران اپنی مراعات اور سہولیات ختم کرنے کے بجائے مہنگائی کا سارا بوجھ عوام پر مسلط کر رہے ہیں عالمی طاقتوں کے آلہ کار ،کرپٹ بدعنوان سیاستدانوں نے ملک کو تباہی کے گڑھے میں ڈال دیا ہے۔معیشت کو ٹھیک کرنا ہے تو سب سے پہلے حکمران،بیوروکریٹس،جج اور جرنیلوں کی مراعات ختم کی جائیں،عوام کو ہمیشہ قربانی کا بکرا بنایا جاتا رہا ہے لیکن چندخاندان ملکی خزانے کی بندربانٹ میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ مرکزی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ورکرز کنونشن سے ضلعی ا میر محمد افضال آرائیں، مقامی امیر محمد رفیق چوہان اور سیکرٹری ظفراقبال مجاہد نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن میں مختلف یوسیز کے نامزد یوسی چیئرمین وائس چیئرمین اور وارڈ کونسلرز ،ورکرزاور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر تمام نامزد امیدواران کا تعارف کرایا گیا جنہوں نے اجتماعی طور پر ہاتھ بلند کرکے شہریوں کی بلا امتیاز خدمت اور شہر کو خوبصورت بنانے اور تعمیر و ترقی کا عزم کیا۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ سندھ اور وفاق میں برسراقتدار پیپلزپارٹی کی بدترین حکمرانی کی وجہ سے آج تیل،کوئلے اور گیس سے مالا مال امیر سندھ کے عوام بھوک، بدحالی،بیروزگاری کی وجہ سے معصوم بچوں سمیت خودکشی کرنے پر مجبور جبکہ سندھ پر قابض ٹولے کی دولت میں دن بدن مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے، ان حالات میں سندھ کے لوگوں کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ ملک اور قوم کی خدمت کی ہے، عوام بار بار آزمائے ہوئے لوگوں کے بجائے جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کو ووٹ دے کر خدمت کا موقع دیں ، جماعت اسلامی کے منتخب امیدوار عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔