مزید خبریں

بھارت نواز بنگلہ دیشی حکومت ظلم میں سب کو پیچھے چھوڑ گئی ،جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے بنگلا دیش کے متنازعہ جرائم ٹریبونل کی جانب سے جماعت اسلامی بنگلا دیش کے تین رہنماؤں رضا الکریم،نذرالاسلام،شاہد موندل کو سزائے موت سنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متنازعہ ٹربیونل کی طرف سے جماعت اسلامی بنگلا دیش کے رہنماؤں کو سنگین سزائیں دینے کا سلسلہ عالمی قوانین کی توہین اور انسانیت سوز اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بنگلا دیش کے رہنماؤں کو پاکستان کی سالمیت اور وفاداری کی سزائیں دی جارہی ہیں۔ سقوط ڈھاکہ کے پچاس سال بعد بنگلا دیش کی حکومت انتقامی کارروائیوں کے ذریعے نہتے اور بے قصور لوگوں کو ناحق سزائیں دے رہی ہے۔ حکومت پاکستان اس صورتحال کو عالمی برادری کے سامنے اٹھائے اور ناحق ظالمانہ سزائوں کیخلاف عالمی عدالت سے رجوع کرے۔ بھارت نواز بنگلا دیش کی حکومت ظلم میں سب کو پیچھے چھوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے لیے قربانیوں کا یہ سلسلہ کوئی نیا نہیں ہے۔ جماعت اسلامی نے ہر مشکل وقت میں پاکستان سے محبت کا ثبوت دیا ہے اور اس کی پاداش میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔ حسینہ واجد کی حکومت کی طرف سے قائم کیے گئے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے اب تک مولانا مطیع الرحمن، پروفیسر غلام اعظم، علی احسن مجاہد سمیت درجنوں افراد کو سزائے موت سنا کر پھانسیوں پر لٹکا دیا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ یہ بنگلا دیش کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ ان سزاؤں کی پہلے ہی مذمت کرچکی ہے۔ مگر بنگلا دیش کی حکومت مسلسل نفرتوں کا بیج بورہی ہے۔ بنگلا دیش میں جاری متعصب عدالتی کارروائی عالمی برادر ی کے کردار پر سوالیہ نشان ہے۔