مزید خبریں

میرپورخاص، واپڈا یونین کا جیسکو افسران کی گرفتاری کیخلاف احتجاج

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) پولیس کی جانب سے حیسکو افسران اور اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری کیلیے چھاپوں کے خلاف واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبر ورکرز یونین کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا کر پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے، احتجاج میں ایکسین، ایس ڈی او اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے علاقے نمرہ ٹائون میں بجلی کی گیارہ ہزار وولٹیج کی تاریں گرنے سے دو افراد کی ہلاکت کا مقدمہ ایکسین، ایس ڈی او اور لائن سپرنٹنڈنٹ کے خلاف سیٹلائٹ ٹائون تھانے میں مقدمہ درج کرنے اور ان کی گرفتاری کیلیے دفاتر اور گھروں میں پولیس چھاپوں کے خلاف واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبر ورکرز یونین کی جانب سے اکبر لغاری، یوسف سومرو، شاہد کاظمی، سکندر مہر اور دیگر کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پولیس کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بجلی کی تاریں گرنے کے نتیجے میں دو افراد کی ہلاکت کا بہت دکھ ہے یہ واقعہ ایک حادثہ تھا لیکن سیٹلائٹ ٹاون پولیس نے اپنی مدعیت میں ایکسین احمد سیراز، ایس ڈی او ریاض احمد میو اور لائن سپرنٹنڈنٹ عبدالستار کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی گرفتاری کی آڑ میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور حراساں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا لوگوں نے ہائی ٹینشن لائنوں اور ٹرانسفارمرزکے نیچے قبضے جما رکھے ہیں انتظامیہ انہیں فوری خالی کروائے کیونکہکسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمرہ ٹائون میں ہائی ٹینشن لائن کے نیچے رہنے والوں کو مذکورہ جگہ خالی کرنے کا پہلے سے نوٹس دے رکھا تھا ۔انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سے مطالبہ کیا ہے کہ حیسکو افسران اور اہلکاروں کے خلاف درج مقدمہ فوری ختم کیا جائے اور ایس ایچ او سیٹلائٹ ٹائون کو ہٹایا جائے دیگر صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔