مزید خبریں

کمر توڑ مہنگائی نے عام آدمی کو زندہ درگور کردیا ہے،ذکراللہ مجاہد

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کمر توڑ مہنگائی نے عام آدمی کو زندہ درگور کردیا ہے۔ لوگوں کیلیے دووقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ترین امر بن چکا ہے۔روزانہ کی بنیاد پر آٹا، چینی، گھی، سبزیاں، پھل ،دودھ،بجلی، پیٹرول و گیس اوردیگر ضروریاتی اشیاکی بڑھتی قیمتوں نے سفید پوش اور غریب آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ایسے میں نااہل اتحادی حکومت آئی ایم ایف کو خوش کرنے اور مزید قرضوں کے حصول کیلیے لوگوں پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے۔ عام آدمی کو کبھی پٹرول بم تو کبھی بجلی کے جھٹکے دیے جارہے ہیں۔ پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے اضافے کے بعد اب بجلی کی قیمت میں فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر نیپر ا نے بجلی 3روپے 99پیسے فی یونٹ مہنگی کردی ہے جس کو مسترد کرتے ہیں اور اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی پی 165 کی سیاسی کونسل کے اجلاس میں گروپ لیڈرز اور سیاسی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شرکا اجلاس نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کیا اورمسائل سے بھر ہوئے حلقہ کے اوپر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور عامر نثار خان، امیر شرقی لاہور ڈاکٹر محمود خان، قیم شرقی لاہور خبیب نذیر، صدر سیاسی امور شرقی لاہورزبیر صدیقی پی پی 165 کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار چودھری اعجاز، امیر زون محمد احمد بٹ و دیگر سیاسی قائدین نے شرکت کی۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ پیٹرول کے بعد بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حالیہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور مزید آئی ایم ایف کو خوش کرنے کیلیے مزید بجلی کی قیمتیں بڑھانے سے باز رہا جائے۔اگر حکومت نے عوام دشمن پالیسیاں اسی طرح جاری رکھیں تو و ہ دن دور نہیں جب عوام حکمرانوں کے گیراؤ کیلیے ان کے محلوں اور اقتدار کے ایوانو ں میں موجود ہوگی۔