مزید خبریں

امریکا، مسلح شخص کی اسپتال میں فائرنگ، 4افراد ہلاک

اوکلاہوما سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست اوکلاہوما کے اسپتال میں مسلح شخص نے فائرنگ کر کے 4افراد کو ہلاک کر دیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق واقعہ اوکلاہوما کے شہر تلسا میں پیش آیا۔ مسلح شخص نے طبی مرکز کے اندر اندھا دھند فائرنگ کر دی،جس میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔ پولیس نے موقع پرپہنچ کراسپتال کو گھیرے میں لے کر عوام کے لیے بند کردیا اوراسپتال کو خالی کرالیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں حملہ آور بھی شامل ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوا یا اس نے خود کشی کی۔ پولیس نے حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔واضح رہے کہ تلسا شہر کی آبادی تقریباً سوا 4لاکھ افراد پر مشتمل ہے اور یہ ریاستی دارالحکومت اوکلاہوما سٹی سے 160 کلومیٹر کے فاصلے پر شمال مشرق میں واقع ہے۔ مقامی پولیس کے ترجمان کیپٹن رچرڈ میلن برگ نے بتایا کہ کارروائی کے تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ حملہ آور ایک تربیت یافتہ نشانے باز تھا، کیوں کہ اس کے ہاتھ میں ایک بڑی سی رائفل اور پستول بھی تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ امریکا میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات پیش آ ہیں۔ ایک بندوق بردار شخص نے ٹیکساس کے پرائمری اسکول میں 19 بچوں اور 2اساتذہ کو اسی طرح کے واقعے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ اس سے پہلے ریاست نیویارک کے دوسرے بڑے شہر بفیلو میں سفید فام شخص نے سیام فام افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔