مزید خبریں

پولیس کا صحت مند ہونا معاشرے کیلیے ضروری ہے،ڈاکٹر اکرم

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سول اسپتال حیدرآباد کے شعبہ گیسٹرو کے ایک وفد نے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ و ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اکرم باجوہ کی قیادت میں ایس ایس پی حیدرآباد ساجد امیر سدوزئی سے ملاقات کی۔وفد میں ڈاکٹر رشید بلال، ڈاکٹر ایم عارف سکندری اور ڈاکٹر عبد العلیم قریشی بھی شریک تھے۔ملاقات میں پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے گفتگو کی گئی جس میں پولیس ملازمین اور اُن کے اہل خانہ کی ہیپاٹائٹس بی اور سی اسکریننگ ویکسینیشن کیمپ لگانے اور جن ملازمین کوپی سی آر کی ضرورت ہوگی ان کی پی سی آر کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اکرم باجوہ نے ایس ایس پی کو بتا یاکہ ہمارا مقصد حیدرآباد کے شہریوں میں ہیپاٹائٹس کے مرض کو ختم کرنا اور دیگر شہریوں کو اس مرض سے بچانا ہے اس عزم کا آغاز ہم پہلے پولیس ڈپارٹمنٹ سے کر رہے ہیں کیونکہ پولیس ہماری فرنٹ لائن فورس ہے اور پولیس کا صحت مند ہونا ہمارے معاشرے کیلیے عین ضروری ہے۔انہوں نے بتا یاکہ ہیپا ٹائٹس ایک جان لیوا مرض ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں سالانہ لاکھوں افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اس لیے ہمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اس موذی مرض سے خود بھی بچیں اور دوسروں کو بھی بچائیں، عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنا ہے، ہیپاٹائٹس ایک ایسی بیماری ہے جس کی علامات فوری ظاہر نہیں ہوتی ہیں جس کیلیے یہ ضروری ہے کہ معمولی بخار اور کمزوری محسوس کرتے ہوئے فوری طور پر متعلقہ ڈاکٹر سے اپنا معائنہ کرانا چاہیے۔ ڈاکٹراکرم باجوہ نے ہیپا ٹائٹس کے پھیلاؤ کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ متاثرہ سوئی، بلیڈ، ریزر اور ٹوتھ برش کا استعمال،آلودہ طبی آلات جراحی،متاثرہ ماں سے پیدا ہونے والے بچے کواور ناک،کان چھدوانے والے افراد ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کا سبب بنتے ہیں جبکہ عطائی ڈاکٹرز سے بھی لوگوں کی جان کیسے چھڑائی جائے اور ان کے خلاف قانونی کاروائی کی سخت ضرورت ہے اور اس سلسلے میں گیسٹرو ڈیپارٹمنٹ اور پولیس ڈیپارٹمنٹ مل کر ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ملاقات میں ایس ایس پی حیدرآباد ساجد امیرسدوزئی نے ڈاکٹر اکرم باجوہ کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے وفدمیں شامل تمام ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جو نیکی کا عزم آپ لیے ہوئے ہیں اللہ آپ تمام کو اس میں کامیابی عطا کرے اور ہم سب کو اس موذی بیماری سے بچائے۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد پولیس آپکے اس اقدام کی ہمیشہ ممنون و مشکور رہے گی۔