مزید خبریں

آئی ایس آئی چیف کے معاملے پر پارٹی لیڈر نے کہا تھا، ’’دراڑ تو پڑگئی‘‘ اسد عمر

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی چیف کے تقرر کے معاملے پر ہماری پارٹی کے لیڈر نے کہا تھا کہ ’اسد جی دراڑ تو پڑ گئی ہے‘۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے سیاستدان اس وقت نومبر کا ذکر کر رہے ہیں لیکن اگر کوئی بیوقوف سمجھتا ہے کہ آرمی چیف کا تقرر اس نے کیا ہے لہٰذا اب آرمی چیف
وہی کریں گے جو تقرر کرنے والا شخص چاہتا ہے تو اس سے بڑا گدھا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت نوٹیفکیشن کی سیاہی بھی خشک نہیں ہوئی ہوگی اس وقت سے ہی آرمی چیف آزاد ہوجاتا ہے، پاکستان کی تاریخ سے اگر کسی نے یہ سبق نہیں سیکھا تو اس نے کچھ نہیں سیکھا۔ گزشتہ برس آئی ایس آئی چیف کے نوٹیفکیشن کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ جب ہم اس مسئلے کے حل ہونے کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے نکلے تو ہماری پارٹی کے ایک بڑے لیڈر نے مجھ سے ایک اہم بات کی تھی جو مجھے آج بھی یاد ہے کہ ’اسد جی دراڑ تو پڑ گئی ہے‘۔ اسد عمر نے وضاحت کی کہ عمران خان نے نہیں بلکہ پارٹی کے ایک اور بڑے لیڈر نے یہ بات کہی۔