مزید خبریں

ملک تباہ ہوجائے اور ادارے کہیں ہم نیوٹرل ہیں،تاریخ معاف نہیں کریگی،عمران خان

شنانگلہ(آن لائن) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ قوم تیاری کرے، ہفتے کے روز دیر کے جلسے میں اگلا لائحہ عمل دوں گا ،آپ نے تیار رہنا ہے ، اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے کہ ہم نیوٹرل ہیں لیکن لوگ جانتے ہیں کہ پاور آپ کے پاس ہے، لوگ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں اور تاریخ اس کردار کو بھی معاف نہیں کرے گی کہ ملک تباہ ہوجائے اور آپ کہیں ہم نیوٹرل ہیں،ہم امپورٹڈ حکومت کو مانتے ہیں اور نہ ہی ہماری قوم مانتی ہے ، خیبرپختونخوا میں آزادی کی تحریک کی تیاری کر رہا ہوں ، جب تک صاف اور شفاف الیکشن نہیں کرائیں گے ہم ان کو تسلیم نہیں کریں گے ،جس طرف یہ چور ڈاکو ملک کو لے کر جارہے ہیں، آپ نے نہ روکا تو ملک تباہ ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شانگلہ میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک 75سال قبل ایک نعرے پر بنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دین کا راز یہ کہ اللہ کے سوا کوئی خدا نہیں ہے، صرف پتھر کے بت کی پوجا شرک نہیں پیسے کے بت کی پوجا بھی شرک ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جھوٹ بولنے والے کی پوجا شرک ہے اور خوف کے بت کی پوجا سب سے بڑا شرک ہے کیونکہ خوف ایک قوم کو غلام بنا دیتا ہے، کبھی کوئی بڑا انسان نہیں بتا جو سب سے پہلے خوف کے بت کو نہیں توڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو قوم خوف کے کے بت کو نہیں توڑتی وہ غلام بن جاتی ہے میں آج آپ کے پاس پاکستان کی حقیقی آزادی کی تحریک کے لیے آپ کے پاس آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سستا تیل نہیں خرید سکتا کیونکہ امریکا کے خلاف اوپر بیٹھ گئے ہیں، یہ امریکا کی اجازت کے بغیر کچھ نہیں کرتے اور امریکا پاکستان کو اجازت نہیں دیتا کہ وہ اپنے لوگوں سستا پیٹرول اور ڈیزل بیچے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کا ایک وفد اسرائیل گیا ہے اس میں ایک پاکستان کا نوکر بھی ہے جو سرکاری ادارے میں کام کرتا ہے، یہ ہندوستان سے اچھے تعلقات کرنا چاہتے ہیں جبکہ وہ کشمیریوں پر ظلم کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ملک کی خارجہ پالیسی یہ تھی کہ قائد اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا جب تک فلسطینیوں سے انصاف نہیں ہوتا، یہ ہماری حکومت کا بھی نظریہ تھا، لیکن امریکا کی غلام حکومت بھارت، اسرائیل اور امریکا کا ایجنڈا لاگو کر رہی ہے۔انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر بات نہیں کریں گے، انہوں نے کہا تھا کہ گندم خریدنے کے لیے اپنے کپڑے بیچ دوں گا، جب سے یہ آئے ہیں آٹا مہنگا ہوگیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ شانگلہ آپ نے اس حقیقی آزادی کی تحریک میں میرے ساتھ کھڑا ہونا ہے، ہم کسی سپر پاور کو نہیں مانتے اور صرف اللہ کے سامنے جھکتے ہیں، ہم حق اور سچ پر کھڑے ہوتے ہیں، ہم خوف کے بت کو توڑ کر صرف اپنے نظریے پر چلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری یہ آزادی کی تحریک اس وقت تک چلے گی جب تک یہ حکومت صاف اور شفاف الیکشن نہیں کرائے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں لوگوں کو خوف ہے کہ ملک دیوالیہ ہونے کی طرف جارہا ہے، جس تیزی سے قرضہ بڑھ رہا ہے، روپیہ گررہا ہے اور مہنگائی بڑھ رہی ہے، اگر اس وقت یہ ملک نہ سنبھالا گیا اور اس کا دیوالیہ نکل گیا تو میں پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ سوویت یونین اور امریکا دنیا کی دو بڑی طاقتیں تھیں لیکن جب ان کی معیشت زوال پذیر ہوئی تو سوویت یونین ٹوٹ گئی اور ان کی تگڑی فوج بھی انہیں اکٹھا نہ رکھ سکی۔ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے کہ ہم نیوٹرل ہیں، تو بسم اللہ آپ نیوٹرل ہوں لیکن لوگ جانتے ہیں کہ پاور آپ کے پاس ہے اور یہ چوروں کا ٹولہ جس طرح قوم کو نیچے لے کر جا رہا ہے تو لوگ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں اور تاریخ اس کردار کو بھی معاف نہیں کرے گی کہ ملک نیچے چلا جائے اور آپ کہیں ہم نیوٹرل ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ یہ چور صرف دو کام کررہے ہیں، ایک اپنے کرپشن کے کیسز ختم کررہے ہیں، نیب کو ختم کررہے ہیں، پہلے جنرل مشرف نے ان کے کرپشن کے کیسز معاف کیے اور این آر او دیا، وہ سارے معاف ہوئے تو جو دس میں انہوں نے کرپشن کی اب اس پر ان کو این آر او مل رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں قوم کو کہتا ہوں کہ تیاری کریں، میں پرسوں دیر میں ہونے والے جلسے میں اپنا اگلا لائحہ عمل دوں گا، ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کا مطالعہ کررہے ہیں اور آئین اور قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے پرسوں اپنی تحریک کا اگلا لائحہ عمل دوں گا۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرول اور بجلی کی قیمت میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال دے دی۔عمران خان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمت میں اضافے پر تین جون کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام جمعے کی نماز کے بعد سڑکوں پر نکلے اور امپورٹڈ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرے۔عمران خان نے پیٹرول اور بجلی کی قیمت میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں بڑھنے سے پورا ملک سکتے میں آگیا ہے۔