مزید خبریں

پولیس کو حماد اظہر‘ اسد قیصر کی گرفتاری سے روک دیاگیا

اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو سابق وفاقی وزیر حماد اظہر اورسابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کی گرفتاری سے روک دیا۔ پی ٹی آئی لانگ مارچ کیس میں درج مقدمے میںسابق وفاقی وزیر حماد اظہرکی5 ہزار روپے کے مچلکے پر حفاظتی ضمانت منظورکرتے ہوئے11 روز میں مقامی عدالت کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی۔ حماد اظہر اپنے وکیل کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت عالیہ نے پولیس کو قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر کی گرفتاری سے بھی روک دیا۔ اسد قیصرکے خلاف پی ٹی آئی لانگ مارچ کے حوالے سے مقدمات درج ہیں۔ عدالت نے اسد قیصر کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ اور دیگر فریقین کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔ عدالت نے اسد قیصر کے خلاف چاروں صوبوں اور ایف آئی اے میںدرج مقدمات کی تفصیل طلب کرتے ہوئے سماعت2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔