مزید خبریں

عمران نیازی ملک کے خلاف کھلی دھمکیاں دے رہا ہے،وزیراعظم

اسلام آباد،انقرہ ( آن لائن ،اے پی پی) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی ملک کے خلاف کھلی دھمکیاں دے رہا ہے، وہ اپنی سیاست کرے لیکن حد سے تجاوز نہ کرے اور ملک کی تقسیم کی بات کرنے کی ہمت نہ کرے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ انٹرویو پر ردّ عمل دیتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ عمران نیازی عوامی عہدے کیلیے نااہل ہیں جس کے ثبوت کے لیے ان کا تازہ انٹرویو کافی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان اور اداروں کے خلاف بیان دے کر حد پار کر دی ہے، بیان ثبوت ہے کہ یہ سیاست نہیں، سازش کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار سے محرومی عمران خان سہہ نہیں پا رہے، فرسٹریشن اور بیمار ذہنیت سے فساد پھیلا رہے ہیں۔عمران خان نے وہ بات کہی جو پاکستان کے دشمن کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ کیا مائنڈ سیٹ ہے کہ مجھے وزیراعظم بناؤ ورنہ میں جنگ کروں گا؟ یہ بیان نہیں بلکہ ملک میں انارکی اور تقسیم کی آگ بھڑکانے کی سازش ہے۔قوم کسی بھی قیمت پر ایسے مذموم ارادوں کو قبول کرے گی اور نہ ہی ہونے دے گی۔دریں اثناء وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،حکومت ملک میں سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کر رہی ہے اور روزگار کے مواقع اور صنعتوں کے قیام کو یقینی بنارہی ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ستاش گروپ کے بورڈ کے صدر محرم یِلمز کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں ستاش گروپ ترکی کی جانب سے پاکستان میں ڈیری سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ پاکستانی حکام کو ستاش گروپ سے بھرپور تعاون کی ہدایات جاری کیں۔قبل ازیںوزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ترکی کے وزیر صحت ڈاکٹر فرحتین گوجا نے جمعرات کو انقرہ میں ملاقات کی۔ وزیر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے گزشتہ دو دہائیوں میں ترکی میں صحت کے نظام کو تبدیل کرنے پر صدر رجب طیب اردوان کو سراہتے ہوئے ترکی کی طرف سے پاکستان میں صحت کے شعبے خصوصا صحت کی خدمات، ادویات سازی، ڈیجیٹل صحت و تربیت اور طبی پیشہ ور افراد کی استعداد کار میں اضافے کیلیے اٹھائے گئے مشترکہ اقدامات کا ذکر کیا۔ ترکی کے وزیر صحت نے طبی آلات اور دواسازی کی تیاری، صحت کی سیاحت اور کوالٹی کنٹرول سمیت صحت کے شعبے کے مختلف پہلووں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی وزارت صحت کی ایک ٹیم مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ ترکی کے وزیر صحت نے کہا کہ رواں سال اکتوبر میں پاکستان میں پاک میڈیکا ایکسپو اینڈ بزنس فورم کا انعقاد کیا جائے گا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صحت کے مشترکہ ورکنگ گروپ کے ذریعے متفقہ شعبوں میں تعاون کو جاری رکھا جائے گا۔علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف نے بہائوالدین زکریا ٹرین میں خاتون سے زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے مسافروں کی حفاظت کیلیے کمیٹی قائم کردی ۔وزیراعظم شہباز شریف کے احکامات پر خواتین مسافروں کی رہنمائی اور سیکورٹی کیلیے’’سفر سہیلی’’موبائل ایپ کا اجراء کیا جائے گا۔اس کے علاوہ سلمان صوفی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کی جانب سے کمیٹی کی جانب سے ریلوے سکیورٹی کے طریقہ کار میں تبدیلیوں کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف ترکی کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے وفد کے ہمراہ وطن واپس روانہ ہو گئے۔جمعرات کو ایسن بوعا ایئر پورٹ پر ترکی کے وزیرِ تجارت ڈاکٹر مہمت موش نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔