مزید خبریں

کرچی :غیر اعلانیہ بد ترین لوڈشیڈنگ جاری،شہری گرمی اور پانی کی قلت سے بے حال

کراچی/اسلام آباد ( اسٹاف رپورٹر+آن لائن ) شہر قائد میں کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، شہری شدید گرمی اور پانی کی قلت سے بے حال رہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، لوڈ شیڈنگ کا یہ سلسلہ گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی شروع ہوا۔ لیاری، میراں ناکہ، چاکیواڑہ، بہار کالونی، کئی گھنٹوں سے بجلی غائب ہے۔اورنگی ٹاؤن، قصبہ کالونی، پہاڑ گنج، شیر شاہ ، کیماڑی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، نارتھ ناظم آباد، حسرت موہانی سوسائٹی، گلستان جوہر میں بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔گلشن اقبال، عائشہ منزل، صفورہ گوٹھ ، کورنگی ، ملیر ، قائدآباد ، لانڈھی میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی نے علاقہ مکینوں کو بے حال کر دیا ہے، کاٹھور، احسن آباد، گڈاپ، اسکیم 33 اور ابوالحسن اصفحانی روڈ پر بھی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔شہر میں مسلسل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث واٹر بورڈ تنصیبات بھی متاثر ہوئی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔ دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا،مختلف علاقوں کے رہائش پذیر افراد کی بڑی تعدادنے سڑکوں پر نکل کر بجلی اور پانی کی فراہمی کے لیے احتجاج شروع کردیا اس دوران مختلف علاقوں میں مظاہرین نے سڑک پر ٹائر رکاوٹیں کھڑی کرنے کے بعد ٹائر نذر آتش کرکے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ تاہم علاقہ پولیس نے مظاہرین سے بات چیت کے بعد شہریوںکو منتشر کر دیا ۔ دوسری جانب ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 365 میگاواٹ تک پہنچ گیا جس کے بعد لوڈشیڈنگ بے قابو ہو گئی۔ذرائع کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 135میگا واٹ ہے جبکہ بجلی کی کل طلب 26 ہزار 5 سو میگا واٹ ہے، پانی سے 4 ہزار 622 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 134 میگا واٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 377 میگا واٹ ہے۔اسی طرح ونڈ پاور پلانٹس ایک ہزار 415 میگا واٹ اور سولر پلانٹس سے پیداوار 113 ہے، بگاس سے چلنے والے پلانٹس 190 میگا واٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جوہری ایندھن سے 2 ہزار 284 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔بجلی کے شارٹ فال کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، اسلام آباد ریجن میں بھی 8 سے 10 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور شدید گرمی کی وجہ سے شہری بلبلا اٹھے ہیں، بجلی کی بندش سے کاروبار سمیت دیگر نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، مختلف علاقوں میں کم ولٹیج کی بھی شکایات آرہی ہیں جس کی وجہ سے الیکٹرانکس کی اشیاء خراب ہو رہی ہیں۔