مزید خبریں

چین پاکستان کو 2.30 ارب ڈالر قرض ری شیڈول کرنے پر رضامند ،موخر ادائیگی کی شرائط بھی طے

اسلام آباد (اے پی پی)چین پاکستان کو چینی بینکوں کے 2.30ارب ڈالرقرض کو ری شیڈول کرنے پر رضا مند ہوگیا ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتائی۔ انہوںنے کہاکہ اچھی خبرسامنے آئی ہے، چینی بینکوں کے0 2.3ارب ڈالرڈیپازٹس کے قواعد وشرائط پراتفاق ہوگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ چین کے ساتھ قرض واپسی مؤخر کرنے کی شرائط بھی طے پا گئی ہیں، چین سے بہت جلد 2 ارب 30 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے،دونوں ممالک کی جانب سے معمول کی منظوریوں کے بعد یہ رقم بہت جلد پاکستان کوموصول ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ میں مددملے گی۔علاوہ ازیں وفاقی وزیرخزانہ نے خوردنی تیل کی قیمتوں میں استحکام اورصارفین کواس کی سہل اورہموارفراہمی یقینی بنانے کے لیے ملائشیا اور انڈونیشیا سے خوردنی تیل کی درآمد کے عمل کو تیزکرنے کی ہدایت کردی۔مفتاح اسماعیلنے خوردنی تیل کی مقامی پیداوارمیں اضافہ کے لیے اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی تاکہ قیمتی زرمبادلہ کو بچایاجاسکے۔ انہوں نے یہ ہدایات جمعرات کویہاں خوردنی تیل کی دستیابی سے متعلق کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔کمیٹی کوآگاہ کیاگیا کہ ملک میں خوردنی تیل کے وافر ذخائر موجودہیں، اجلاس میں طلب اوررسد کے درمیان خلیج کوکم کرنے اورمستقبل میں خوردنی تیل کی درآمد کی ضروریات کا بھی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں خوردنی تیل کی درآمد سے زرمبادلہ کے ذخائر پر پڑنے والے اثرکابھی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس کوبتایاگیا کہ عالمی منڈیوں میں خوردنی تیل کی قیمت میں اضافہ ہورہاہے جس کے اثرات سے پاکستان بھی بڑی حدتک متاثرہورہاہے۔