مزید خبریں

انڈسٹریل سٹی میں 65سے زیادہ غیر ملکی صنعتی ادارے قائم

فیصل آباد (کامرس ڈیسک) فیصل آباد کی جامع، منظم اور مربوط ترقی کیلئے یہاں فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام سائنسی بنیادوں پر جدید صنعتی علاقے ڈویلپ کئے جا رہے ہیں جبکہ اس وقت ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے 65سے زیادہ صنعتی ادارے کام کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ 2023-25 تک اْن کی تعداد بڑھ کر 150سے بھی تجاوز کر جائے گی نیزفیصل آباد کے نجی صنعتی، تجارتی اور کاروباری اداروں میں ایسا ماحول پیدا کیا جائے گا جس میں خواتین بلا خوف و خطر ملکی معیشت میں اپنا متحرک اور فعال کر دار ادا کر سکیں۔یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے وومن ورکرز الائنس اور چیمبر کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ برآمدی یونٹوں کیلئے لیبر اور خواتین کیلئے مراعات کے بین الاقوامی معاہدوں، کنونشنز اور پروٹوکولز کی پابندی لازمی ہے لیکن فیصل آباد چیمبر مقامی صنعتوں میں ایسی فضا قائم کرنے کیلئے کوشاں ہے جس میں صنعتکار رضاکارانہ طور پر خواتین کو بنیادی سہولتیں مہیا کریں اور وہ اِن اداروں میں خود کو مکمل طور پر محفوظ سمجھیں۔انہوں نے بتایا کہ خواتین کو مردوں سے کم تنخواہ دینے کی شکایات کا مکمل ازالہ کر دیا گیا ہے جبکہ خواتین کیلئے علیحدہ واش رومز اور اس قسم کی دیگر سہولتیں بھی مہیا کی جا رہی ہیں اور ان میں بتدریج اضافہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اْن کی درخواست پر سابق گورنر سٹیٹ بینک نے تمام کمرشل بینکوں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ رعایتی قرضوں کی تقسیم کے سلسلہ میں خواتین کو ترجیح دیں۔