مزید خبریں

عالمی غذائی بحران کا خدشہ ہے ، شہزاد علی ملک

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازعہ اور کورونا وائرس کے باعث عالمی سطح پر اناج کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے دنیا بھر میں ممکنہ غذائی بحران کا خدشہ ہے۔ انہوں نے خواتین فرنیچر ڈیزائنرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک بھر میں کسانوں کی حوصلہ افزائی اور بمپر بھرپور پیداوار کے حصول کے لیے انہیں مراعاتی پیکج بھی پیش کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے سب سے بڑے زرعی ممالک میں سے ایک ہے اور اسے غذائی خود کفالت کیلئے پائیدار اور نتائج پر مبنی زرعی پالیسیوں کے نفاذ کے ساتھ ساتھ غذائی اجناس کی پاکستان سے باہر اسمگلنگ پر بھی قابو پانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ممکنہ غذائی بحران ملک کی اعلیٰ قیادت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے نیز خوراک کے ضیاع کو روکنا بھی قومی غذائی تحفظ میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔شہزاد علی ملک نے کہا کہ مہنگائی میں مسلسل اور بتدریج اضافہ، موسمیاتی تبدیلی اور شدید خشک سالی بھی ممکنہ غذائی بحران کے لیے خطرے کا باعث ہیں۔ انہوں نے بہتر پیداوار کے لیے صرف ہائی ٹیک ہائبرڈ بیجوں کے استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ملک بھر میں غیر منظور شدہ بیجوں پر پابندی عائد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن نے بغیر کسی حکومتی تعاون کے پنجاب اور سندھ کے زرعی علاقوں خاص طور پر چاول کی کاشت والے علاقوں میں کسانوں اور کاشتکاروں کے لیے آگاہی مہم شروع کی ہے۔