مزید خبریں

ٹریژری بلوں کی زائد شرح منافع پر نیلامی ، اسٹاک مارکیٹ میں مندی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹریژری بلوں کی زائد شرح منافع پر نیلامی سے آنے والی مانیٹری پالیسی میں سود کی شرح میں مزید نمایاں اضافے کے خدشات ،آئی ایم ایف کی ایک ارب ڈالر کی قسط کے اجراء کو بجٹ میں فسکل ایڈجسٹمنٹ سے مشروط کرنے کی نئی شرط اورملک میں مزید بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خدشات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی مندی کے بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی 42700, 42600, 42500, 42400, 42300 پوائنٹس کی 5 سطحیں بھی گرگئیں۔ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 19 فیصد کم رہا۔ کاروبار میںمندی کے سبب 74فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 70ارب 42 کروڑ 59 لاکھ 47ہزار 80روپے ڈوب گئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کو درپیش مالیاتی بحران, ہوشربا مہنگائی بڑھتے ہوئے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور غیریقینی معاشی صورتحال کے سبب مارکیٹ کی سمت غیر واضح ہے جسکی وجہ سرمایہ کاری شعبے حصص کی آف لوڈنگ کو ترجیح دے رہے اور مارکیٹ کا گراف تنزلی سے دوچار ہے۔کاروبار کے دوران ایک موقع پر 67پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن حصص کی بڑھتی ہوئی آف لوڈنگ سے مذکورہ تیزی ذیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی جس سے ایک موقع پر 623پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر مخصوص شعبوں میں خریداری بڑھنے سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی۔