مزید خبریں

اسٹیٹ بینک نے ’’ایزی ڈیٹا‘‘متعارف کرا دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دنیا بھر میں مستعد، بروقت اور قابل بھروسہ ڈیٹا کی ترسیل مرکزی بینکوں کا ایک اہم فریضہ ہے۔ ڈیٹا کی بآسانی دستیابی گھرانوں، فرموں، حکومتوں، تعلیمی اداروں اور مالی مارکیٹ کے شرکا سمیت دیگر فریقوں کو باخبر فیصلے کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ دیگر مرکزی بینکوں کی طرح، اسٹیٹ بینک تمام فریقوں کو معاشی اور مالی ڈیٹا فراہم کر رہا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ڈیٹا کی کوریج، معیار اور دستیابی بڑھانے کے لیے مسلسل مربوط کوششیں کی جا رہی ہیں۔اپنی ابلاغ کی حکمت عملی کے مطابق آج اسٹیٹ بینک نے تمام فریقوں کے لیے اپنے ڈیٹا تک رسائی آسان بنانے کے ایک اور اقدام کا اعلان کیا ہے۔ گورنر (قائم مقام) ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے اسٹیٹ بینک ایزی ڈیٹا کا افتتاح مرکزی بینک میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔ یہ ڈیٹا کا ایک ایسا پورٹل ہے جو ٹائم سیریز ڈیٹا کے ساتھ ایک معلوماتی اور صارف دوست انٹرفیس پر مشتمل ہے۔ اس تقریب میں آن لائن اور ذاتی حیثیت میں مارکیٹ کے تجزیہ کار،تعلیمی ماہرین، بینک کے سینئر حکام اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ایزی ڈیٹا میں فی الوقت7,000سے زائد متغیرات پر معاشی اور مالی ٹائم سیریز کا ڈیٹا موجود ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا واحد پلیٹ فارم ہے اور وسعت کے لحاظ سے ملک میں ایسی کوئی اور مثال موجود نہیں۔ایزی ڈیٹا ایک معلوماتی اور صارف دوست انٹرفیس پر مشتمل ہے، اور اس میں مرکزی بینکاری سے متعلق ٹائم سیریز کے ساتھ معاشی اور مالی ڈیٹا موجود ہے۔