مزید خبریں

کراچی کے صنعتی اور رہائشی صارفین سے امتیازی سلوک قبول نہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلمان اسلم نے حکومت کی جانب سے کراچی کے صنعتی اور رہائشی صارفین کیلئے پاور پلانٹس کو تیل اور مہنگی آر ایل این جی کی فراہمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی گیس جس کی قیمت 857 فی ایم ایم بی ٹی یو ہے کی جگہ 4700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سپلائی کرنے سے بجلی کے نرخ صارفین کی پہنچ سے دور ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس امتیازی سلوک سے صارفین پر 13 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا جس کی صنعتیں اور عوام متحمل نہیں ہوسکتے۔ مہنگائی میں بھی مزید اضافے سے عوام شدید مسائل کا شکار ہوجائیں گے جبکہ صنعتی پیداواری لاگت میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔ سلمان اسلم نے کہا کہ ایس ایس جی سی، وفاقی کابینہ کی منظور کردہ لوڈ مینجمنٹ پالیسی اور سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کراچی کیلئے 100 ایم ایم بی ٹی یو کے بجائے صرف 13 ایم ایم بی ٹی یو فراہم کر رہا ہے جس سے خدشہ ہے کہ بجلی کے بلوں پر 12 روپے فی یونٹ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بڑھ جائیں گے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ کراچی کی صنعتیں خاص طور پر ایس ایم ایز بجلی میں 25 سے 30 فیصد اضافہ برداشت نہیں کرسکتے۔ سلمان اسلم نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ایس ایس جی سی کو پابند کریں کہ کراچی کے صارفین کیلئے آر ایل این جی کی بجائے قدرتی گیس فراہم کرے۔