مزید خبریں

ملک کا ناقص معاشی ماڈل زیادہ دیر تک نہیں چلے گا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ ملک کا گورننس اوراقتصادی ماڈل خامیوں اور تصادات کا مجموعہ ہے جو تمام برائیوں کی جڑ ہے۔ یہ ماڈل زیادہ دیر تک نہیں چلے گا جسے بدلنا ضروری ہو گیا ہے۔ پاکستان میں اقتصادی انصاف کا نام و نشان تک نہیں ہے جس سے ملک مسلسل کمزور ہو رہا ہے۔ملک میں تعلیم اور صحت جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری بہت کم ہے جبکہ کوئی سماجی شعبہ پرفارم نہیں کر رہا ہے۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ مسلسل قرضوں، گورننس اور سیاسی استحکام کے فقدان، امن و امان کی غیر تسلی بخش صورتحال،نظام انصاف کی صورتحال، ٹیکس کے ناکارہ نظام ،کرپشن، اور ناقص احتساب نے ملک کی بنیادیں ہلا ڈالی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ملکی نظام اشرافیہ کا خادم بنا ہوا ہے اور ان کے اختیار اور وسائل میں مسلسل اضافہ کا سبب بنا ہوا ہے جسکی قیمت عوام سے وصول کی جاتی ہے جبکہ اس چھوٹے سے طبقہ کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔اشرافیہ نوازی نے غربت میں زبردست اضافہ کر کے عوام کی کمر توڑ ڈالی ہے۔