مزید خبریں

تاریخ بتاتی ہے ماضی میں ہماری غلطیوں سے ملک دولخت ہوگیا ، شاہ محمود

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان اس ملک سے جس طرح والہانہ محبت کرتے ہیں اسے پوری قوم جانتی ہے ہمیں تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے۔ ہمارے دفاعی اثاثے، جو ہماری بقا کیلیے ناگزیر ہیں، عمران خان اداروں کو مضبوط اور مستحکم دیکھنے کے حامی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا اس ملک کی سلامتی اور بقا،ہر پاکستانی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے تاریخ بتاتی ہے کہ جب ماضی میں ہم سے غلطیاں ہوئیں تو ملک دو لخت ہو گیا ۔ انہوں نے کہا ماضی میں ہماری غلطیوں کے باعث بلوچستان میں شورش نے جنم لیا۔ انہوں نے کہا ماضی میں امن مخالف قوتوں نے “پختونستان” کا شوشہ چھوڑا اور ملک میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا ہمارے اداروں اور عوام کو ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے، ملک کی سلامتی اور یکجہتی کیلیے درست فیصلے کرنا ہوں گے۔ ہمیں اپنی دفاعی قوت کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ مت بھولیے کہ ایسی قوتیں ہیں جو پاکستان کو اندرونی طور پر کھوکھلا کرنا چاہتی ہیں۔دریں اثناء سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پر سوالیہ نشان لگ چکے ہیں اور الیکشن کو قوم نے تسلیم نہ کیا تو نیا بحران جنم لے گا۔ سابق وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن میں ایک اہم کیس کا فیصلہ تھا اور آج اس کیس کا فیصلہ محفوظ کیا گیا ہے۔ ملک میں شفاف الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور پورے ملک کی نظر الیکشن کمیشن پر ہے۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ انہوں نے کہا ن لیگ کی ٹکٹ پر الیکشن لڑوں گا۔ الیکشن کمیشن پر سوالیہ نشان لگ چکے ہیں اور الیکشن کو قوم نے تسلیم نہ کیا تو نیا بحران جنم لے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں 2 نئے اراکین کی تعیناتی کی گئی اور یہ فیصلہ قائد حزب اختلاف سے مل کر کیا جانا تھا جبکہ موجودہ قائد حزب اختلاف کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔