مزید خبریں

پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کی مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کرنے کی درخواست مسترد

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن روک لیا، پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ضمنی الیکشن تک نوٹیفکیشن روک دیا گیا، 5 مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن ضمنی الیکشن کے نتائج کے بعد جاری کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پر نامزدگی سے متعلق فیصلہ سنادیا، چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت 5 رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سنایا۔الیکشن کمیشن نے آج تحریک انصاف، ن لیگ کے وکلاء کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، سماعت کے دوران اٹارنی جنرل اشتراوصاف اور ایڈوکیٹ جنرل پنجاب شہزاد شوکت بھی پیش ہوئے تھے، فریقین کے وکلاء کے دلائل اور جواب الجواب کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں میں 3 خواتین اور 2 اقلیتوں کی نشستیں شامل ہیں۔پنجاب اسمبلی کے 25 منحرف اراکین اسمبلی کو الیکشن کمیشن نے ڈی نوٹیفائی کیا تھا، ڈی سیٹ کیے جانے والوں میں 5 مخصوص نشستوں کے اراکین بھی شامل تھے، ڈی سیٹ ہونے والوں میں عائشہ نواز،ساجدہ یوسف شامل تھیں۔ڈی سیٹ ہونے والوں میں عظمیٰ کاردار، ہارون عمران گل اور اعجاز مسیح شامل تھے، پنجاب اسمبلی کی 20 جنرل نشستوں پر 17 جولائی کو ضمنی الیکشن ہونا ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات کے بعد متناسب نمائندگی کے تحت مخصوص نشستیں تقسیم ہوں گی۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے الیکشن کمیشن میں3 خواتین اور2 اقلیتی نشستیں انہیں دینے کی درخواست جبکہ ن لیگ کی جانب سیپنجاب اسمبلی کے موجودہ تناسب پر مخصوص نشستوں پر ارکان کی نامزدگی کی درخواست دے رکھی تھی۔