مزید خبریں

حادثات وواقعات میں بچے سمیت 5افراد جاں بحق

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) شہر میںحادثات و واقعات کے دوران بچے سمیت 5افراد جان کی بازی ہار گئے دیگر واقعات میں10افراد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق بن قاسم اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود گلشن حدید تاجدار شادی ہال کے قریب آپس کے جھگڑے میں ڈنڈو ں کے وار سے ایک شخص ہو گیا،جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا، اسپتال میں مقتول کی شناخت 58سالہ نعمت اللہ ولدحاجی بخش کے نام سے ہوئی،پولیس کے مطابق جھگڑا محلے میں بچوں کی لڑائی کے دوران بڑھ گیاتھا ۔ سائٹ اے تھانے کی حدود سائٹ ایریا باوانی چالی عیدگاہ میدان کوارٹر نمبر 4 سے ایک شخص کی لاش ملی ،اسپتال میں متوفی کی شناخت 25سالہ عاقو ولد جیٹھا کے نام سے ہوئی ،پولیس کے مطابق موت کی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی پتا چل سکے گی ،متوفی کا آبائی تعلق پنجاب سے ہے اور وہ یہاں مزدوری کرتا تھا۔ گلبرگ کے علاقے کریم آبادموسیٰ کالونی سیمروز اسپتال کے قریب ڈمپر کی زد میں آکر ایک بائیک سوارجاں بحق ہو گیا،جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا،اسپتال میں متوفی کی شناخت 37سالہ شاہنواز عباسی ولد محمد حنیف خان کے نام سے ہوئی ۔ مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن ضیاء کالونی قبرستان کے قریب ٹریفک حادثہ ایک بچہ جاں بحق ہو گیا،جسے اسپتال منتقل کیاگیا،اسپتال میں متوفی کی شناخت12سالہ حفیظ ولد میر باچاکے نام سے ہوئی ،ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے کے مقام پر پکنک منانے کے لیے جانے والا کراچی کا ایک اور نوجوان سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق نوجوان سینڈزپٹ پر نہاتے ہوئے ڈوب گیا جس کی شناخت 17 سالہ حذیفہ ولد شکور کے نام سے ہوئی ہے، رضا کاروں نے ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش شروع کر دی ہے، متوفی لیاری کلاکوٹ کارہائشی اور اہل خانہ کے ہمراہ پکنک منانے آیا تھا۔ دوسری جانب کورنگی نمبر05 جی-ایریاK-17 بس اسٹاپ کے قریب آپسی جھگڑے میں فائرنگ سے 20سالہ فیصل اور 24سالہ محمد عالم زخمی ہو گئے،شرافی گوٹھ تھانے کی حدود جنید جمشید کمپنی کورنگی کے قریب فائرنگ سے 19سالہ عبدالصمد زخمی ہوگیا ۔کورنگی بلال چورنگی بلال کالونی لال مسجد گلشن لطیف نالے پر قائم ہوٹل میں سلنڈر پھٹنے سے 3بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے ، تمام زخمیوں کو فوری طور پر طبی امدا دکے لیے سول سپتال برنس وارڈ منتقل کر دیاگیا۔