مزید خبریں

بجلی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن اقدام ہے،مدثرحسین انصاری

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی ضلع غربی کے امیر مدثر حسین انصاری، جنرل سیکرٹری عبدالحنان خان، نائب امراء خالد زمان شیخ، شہباز خالد اور ضلعی انفارمیشن سیکرٹری دلدار ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پیٹرول کے بعد بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ایک اور عوام دشمن اقدام ہے جماعت اسلامی اس کی مذمت کرتی ہے۔ موجودہ حکومتی اتحاد جب اپوزیشن میں تھا تو مہنگائی نظر آتی تھی اب ان کو اپنے مفادات کے سوا کچھ نظر نہیں آرہا۔ حکومت بیان بازی کے بجائے مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پیٹرول اور اب بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے غریب اور سفید پوش طبقات پس کر رہ گئے ہیں۔ روز مرہ کی ضروریات پوری کرنا عوام کی قوت خرید سے بہت دور ہیں۔ جبکہ موجودہ حکومت بھی سابق حکومت کی طرح اپنی مراعات پوری طرح لے رہی ہے۔ چاہیے تو یہ تھا کہ موجودہ حکومت اپنے اخراجات کو کم کرتی اور قومی خزانہ عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کرتی لیکن یہ بھی یو ٹرن حکومت کی طرح ہے۔