مزید خبریں

چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے عہدے کا چارج چھوڑدیا

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت/صباح نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا‘ ظاہر شاہ قائم مقام چیئرمین نیب ہوں گے‘نئے چیئرمین کے تقرر تک فرائض سرانجام دیں گے۔نئے چیئرمین نیب کے لیے جسٹس(ر) مقبول باقر کا نام لیا جارہا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے اعزاز میں الوداعی تقریب بھی ہوئی۔نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کے لیے حکومت کے پاس 5 نام زیرِ غور ہیں، ان میں 2 سابق جج، 2 سابق پولیس افسران اور ایک سابق بیوروکریٹ شامل ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ فی الحال قائم مقام چیئرمین نیب ہوں گے۔یاد رہے کہ سبکدوش ہونے والے چیئر مین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے 8اکتوبر 2018 کو منصب سنبھالا تھا۔ 26 مئی 2022 کو قومی اسمبلی میں قومی احتساب بیورو ( نیب)آرڈیننس 1999ء میں ترمیم کا بل کثرت رائے سے منظور کیا گیا تھا۔بل کے مطابق چیئرمین نیب کی 3 سالہ مدت کے بعد اسی شخص کو دوبارہ چیئرمین نیب نہیں لگایا جائے گا۔ نئے چیئرمین کے تقرر کیلیے مشاورت چیئرمین کی مدت ختم ہونے سے 2 ماہ پہلے شروع کی جائے گی اور یہ عمل 40روز میں مکمل کرنا ہوگا،بل کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں اتفاق رائے نہ ہونے پر تقرر کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو جائیگا۔ پارلیمانی کمیٹی چیئرمین نیب کا نام 30 روز میں فائنل کرے گی۔