مزید خبریں

جماعت اسلامی کا شہرمیں غیر اخلاقی بل بورڈز پراظہار تشویش

کراچی (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے شہر بھر میں

MUZZسمیت مختلف کمپنیوں کی جانب سے لگائے گئے غیر اخلاقی بل بورڈز پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آئین پاکستان وقرآن وسنت سے متصادم اخلاق باختہ بل بورڈز کا نوٹس لے کر فوری طور پر ہٹایا جائے اور Muzzکی ویب سائٹ پر پابندی لگائی جائے۔چندٹکوں کے عوض صوبائی وشہری حکومت اوراداروں کی بے حسی لمحہ فکر ہے ۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اسلام وکلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آیا تھا، دستور پاکستان میں بھی واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ یہاں کوئی بھی چیز قرآن وسنت سے متصادم نہیں ہوگی مگر
بدقسمتی سے غیروں کے غلام حکمرانوں کے دور میں سودی نظام معیشت اللہ اور رسولؐ سے اعلانیہ جنگ اور مادر پدر آزادی کے نام پر شہر میں اخلاق باختہ بل بورڈ لگاکر نسل نو کو بے راہ روی کی طرف دھکیلا جارہا ہے جس کی وجہ سے آج ہمارا معاشرہ انارکی کا شکار ہے، آئے روز معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں جبکہ کم عمر بچیاں گھروں سے بھاگ کر کورٹ میرج کررہی ہیں جس سے پورا معاشرہ انتشار اور بے راہ روی کا شکار ہوچکا ہے، اسکولوں،کالجز اور یونیورسٹیوں میں نشہ عام ہوتا جارہا ہے،موسیقی کے پروگرامات میں ناچ گانے کے ذریعے ہماری تہذیب کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں ایسے میں کسی کا بھی گھر محفوظ نہیں ہے اس لیے ہمارا پرزور مطالبہ ہے کہ کراچی سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں ایسے اخلاق باختہ اشتہارات پر پابندی لگائی جائے اوراخلاق باختہ بل بورڈز کو ہٹایا جائے ۔