مزید خبریں

حیدرآباد کو صالح قیادت فراہم کریں گے،کل جماعتی کانفرنس

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان کی دعوت پر حیدرآباد کلب میں جے یو پی و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامرا،پی ایس پی کے نواب راشد،جماعت اسلامی سندھ کے جوائنٹ سیکرٹری مولانا عبدالوحید قریشی،جمعیت علماء اسلام سندھ کے رہنما مولاناتاج محمد ناہیوں،شیعہ علماء کونسل و تحریک اسلامی پاکستان سندھ کے نائب صدر سید معظم شاہ کاظمی،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر مستنصر باللہ، پاک سرزمین پارٹی کے ضلعی صدر ندیم قاضی،پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے رہنما حنیف صدیقی،پاکستان سنی تحریک کے صوبائی رہنما عمران سہروردی،جماعت اہلسنت سندھ کے رہنما حاجی گلشن الہٰی قادری فریدی،جمعیت علماء پاکستان سندھ کے رہنما ناظم علی آرائیں،پیر سید سعید احمد شاہ چشتی،مرکزی جماعت
اہلسنت ضلع حیدرآباد کے امیرپیرسید عبدالغنی شاہ مجددی، مجلس وحدت المسلمین کے ضلعی صدر رحمن رضا ایڈووکیٹ،جمعیت علماء اسلام سمیع الحق گروپ کے مولانا عبدالواحد سواتی،تحریک اللہ اکبر کے عمر فاروق خانزادہ،سابق رکن اسمبلی عبدالرحمن راجپوت،بابو محمد رمضان آرائیں،پاشا قاضی،طاہر مجید راجپوت،عقیل احمد خان،اعظم جہانگیری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر کو دیانت دار صالح قیادت فراہم کرنے اور مشترکہ امیدوار میدان میں لانے کیلئے حیدرآباد شہری اتحادکے قیام پر مشاورت کی گئی عبدالرحمن راجپوت کورابطہ سیکرٹری مقرر کیااجلاس میں شریک اکثر جماعتوں نے اتحاد میں شمولیت اختیار کرنے اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے ذریعہ اتحادواتفاق سے ملکر بلدیاتی الیکشن لڑنے کا عندیہ دیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کہا کہ جمہوریت کی نرسری بلدیاتی ادارے ہیں بدقسمتی سے پچھلے 30برس سے شہر تباہی وبربادی کا منظر پیش کررہا ہے بلدیہ کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جہاں کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم نہ ہو،ہم چاہتے ہیں کہ شہر حیدرآباد کو قبضہ مافیا اور بھتا خوری سے نجات دلائیں اور صالح دیانت دار قیادت فراہم کریں جو شہر کی فلاح و بہبود کیلیے کام کرے۔نواب راشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عصبیت اور لسانیت کو چھوڑ کر اس شہر کی بہتری کیلیے کام کریں ہم نے اتحاد کے ذریعے شہر کی تعمیر و ترقی کیلیے کام کرنا ہے۔سینٹر عاجز دھامرا نے کہا کہ سیاسی گلدستے بڑی مشکل سے بنتے ہیں بطور سیاسی جماعت میری کوشش ہوگی کہ حیدرآباد شہر میں میری جماعت کا میئر منتخب ہو، حلقہ بندیا ں ہو گئی ہیں اب الیکشن کا وقت ہے اس پر توجہ دیں ۔ مولانا عبدالوحید قریشی نے کہا کہ شہر کی بھلائی کیلیے یہ اتحاد کامیاب ہوگا خلوص شرط ہے شہر کے مفاد اور بھلائی کیلیے کام کریں گے تو کامیابی ملے گی۔