مزید خبریں

محکمہ کھیل نے حیدرحسین کو صوبائی کوآرڈینیٹر برائے ہاکی مقررکردیا

کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) محکمہ کھیل اینڈ یوتھ افیئرز حکومت سندھ نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل و سابق انٹرنیشنل ہاکی پیلئر حیدر حسین کی صلاحیتوں کے اعتراف میں انہیں محکمہ کھیل کا صوبائی کوآرڈینیٹر برائے ہاکی نامزد کردیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وہ اعزازی طور پر خدمات انجام دیں گے، سیکریٹری محکمہ کھیل اینڈ یوتھ افیئر اختر عنایت بھرگڑی کی منظوری سے جاری ہونے والے نوٹیفیکشن کے مطابق حیدر حسین صوبے میں قومی کھیل کے فروغ کیلیے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں بشمول جامعات سے رابطہ کریں گے، گراس روٹ پر ہاکی کے کھیل کو زیادہ سے زیادہ منعقد کرانے کے لیے تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط بحال کرنا اور محکمہ کھیل اینڈ یوتھ افیئرز سیکریٹیریٹ میں ماہانہ رپورٹ جمع کرانا ان کی زمہ داریوں میں شامل ہے ۔ اختر عنایت بھرگڑی کا کہنا ہے کہ حیدر حسین کا محکمہ کھیل سے منسلک ہونا قومی کھیل کے مفاد میں ہے۔ حیدر حسین نے حکومت سندھ، وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ اور سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز اختر عنایت بھرگڑی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ حیدر حسین کا کہنا ہے محکمہ کھیل کے کوآرڈینیٹر برائے ہاکی بننا میرے لیے ایک اعزاز ہے۔ میری بھر پور کوشش ہوگی کہ صوبے میں ہاکی کو فروغ ملے۔