مزید خبریں

کارگردگی دکھانے والا کھلاڑی ہی ٹیم کا حصہ رہے گا ، بابر اعظم

لاہور(جسارت نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ اچھی ٹیم کھڑی کرنی ہے تو کھلاڑیوں کو مسلسل کھلانا پڑتا ہے، کارکردگی دیکھ کر ٹیم میں تبدیلی کا فیصلہ کیا جائے گا، کوئی اچھا پرفارم نہیں کرے گا تو ٹیم میں تبدیلی کی جائے گی، حارث کو رضوان کی جگہ موقع دینا جلد بازی ہوگی، ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنا چاہتے ہیں، کیمپ کے دوران گرمی میں کھیلنے کی پریکٹس جاری ہے، شاہین بہت اچھی کارکردگی دکھارہاہے، رضوان پر پورا اعتماد ہے کہ وہ اچھی کارکردگی دکھائے گا۔بدھ کولاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی سیریز بہت اہم ہے، یہ ون ڈے چمپئن شپ کے میچز ہیں، ہماری کوشش یہی ہوگی کہ ہم یہ میچز جیتیں اور پوائنٹ اسکور کریں ۔ رضوان کی ٹیسٹ پرفارمنس، حارث کی ٹیسٹ میچ میں شمولیت سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حارث کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرنا جلد بازی ہوگی۔انہوں نے تسلیم کیا کہ محمد رضوان کی ٹیسٹ پرفارمنس بہت اچھی نہیں لیکن ان کی مجموعی کارکردگی بہتر ہے،بابر اعظم نے کہا کہ حالات دیکھ کر ٹیم میں تبدیلی کا فیصلہ کیا جائے گا۔شان مسعود سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اوپنگ نمبرز پر کھیلتے ہیں ان کے لیے نیچے نمبروں پر کھیلنا ناانصافی کے مترادف ہے، وہ نظروں میں ہیں، ہمیں بہتر لگے گا تو ہم انہیں ٹیم میں ضرور شامل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دو ماہ ہم نے آرام کیا ہے، دوبارہ ہماری بین الاقوامی کرکٹ شروع ہو رہی ہے اس لیے میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہمیں بینچ اسٹرینتھ چیک کرنی ہے۔کپتان کا کہنا تھا کہ ہمارے سینئر پلیئرز کائونٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں لیکن چمپئن شپ کے میجز مختلف ہیں اور دبائو مختلف ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ جو ہمارے بہترین 11 کھلاڑی ہوں گے ان کے ساتھ جائیں۔نمبر ون پلیئرز کی فہرست میں شامل ہونے سے متعلق بابر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے کہ پہلے نمبر پر آئے لیکن ایسا نہیں ہے کہ کسی ایک فارمیٹ میں پہلے نمبر پر آکر آپ ایزی ہوجائیں، تینوں فارمیٹ میں بہتر رہنے کے لیے آپ کو فٹ رہنے کی ضرورت ہے۔اگلے کپتان سے متعلق ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص ٹیم میں اپنے کردار کے حوالے سے کپتان ہے، حتمی فیصلہ میرا ہی ہوتا ہے لیکن پھر میرے نائب کپتان رضوان، شاہین، شاداب بہتر کام کرتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ٹیم بنانی ہوتی ہے تو آپ کو چانس لینا پڑتا ہے، اچھی ٹیم وہی ہوتی ہے جو مسلسل کھیلتی ہے، میری کوشش یہی ہے کہ اچھی کھلاڑیوں کو کھلایا جائے، اگر کوئی اچھا نہیں کھیلے گا اور مجھے لگے گا کہ کوئی ٹیم میں فٹ نہیں ہو رہا تو پھر ٹیم میں تبدیلی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ اگر اچھی ٹیم کھڑی کرنی ہے تو آپ کو کھلاڑی کو مسلسل کھلانا پڑتا ہے۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم جدید طرز کی کرکٹ ہی کھیل رہے ہیں، جس طرح ٹیم نے ورلڈ کپ میں پرفارم کیا سب کے سامنے ہے، آئندہ میچز میں ٹیم کی پرفارمنس بہتر کرنے کی کوشش جاری ہے۔