ڈھاکا(جسارت نیوز) بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر آل رائونڈر شکیب الحسن کو ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بنانے کا عندیہ دے دیا۔کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ موجودہ کپتان مومن الحق کی جگہ شکیب الحسن کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنانے پر غور کررہے ہیں تاہم حتمی فیصلہ 2جون کو بورڈ کی میٹنگ میں متوقع ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شکیب الحسن طویل فارمیٹ میں بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض سرانجام دے سکتے ہیں یا نہیں، اس حوالے سے تجربہ کار آل رائونڈر سے بات کی جائے گی کیونکہ بڑھتی عمر کے باعث انکے طویل مدتی منصوبوں کے بارے میں غیر یقینی ہے۔قبل ازیں شکیب الحسن سری لنکا کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی ہے جبکہ پاکستان کے خلاف سیریز کے دوران وہ اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔یاد رہے کہ 2019میں بنگلہ دیش کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے شکیب آئی سی سی کی جانب سے ایک سال کی پابندی عائد کیے جانے کے بعد مومن الحق کو کپتانی سونپی گئی تھی۔دوسری جانب بی سی بی نے گزشتہ دنوں مسلسل خراب پرفارمنس پر ٹیم کے ٹیسٹ کپتان مومن الحق سے کہا تھا کہ وہ ٹیم میں بطور کپتان اپنی شمولیت کے حوالے سے جلد فیصلہ کرلیں۔