مزید خبریں

پاکستان کی برآمدات اہم سنگ میل حاصل کر سکتی ہیں،جاوید بلوانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کی برآمدات اہم سنگ میل حاصل کر سکتی ہیں بشرطیکہ اس کی بے پناہ صلاحیت کو عالمی سطح پر تمام متعلقہ افراد پر صحیح معنوں میں اجاگر کیا جائے۔ اس حوالے سے دوست ممالک میں پاکستان کے 50 سے زائد تجارتی مشنزتعینات ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز کا ذمہ دارانہ اور موثر کردار اہمیت کا حامل ہے۔ بیرون ملک نامزد تجارتی افسران پاکستانی برآمد کنندگان کو فروغ اور سہولت کے ذریعے پاکستان کی زرمبادلہ کی کمائی بڑھانے میں اپنا لازمی کردار ادا کر سکتے ہیں جس کے نتیجے میں پاکستانی برآمدات میں بھی توسیع ممکن ہو گی ۔یہ ٹریڈ آفیسرز کے لئے وزارت تجارت کی طرف سے تفویض کردہ ان کی اولین ذمہ داری بھی ہے۔ یہ بات پاکستان اپیرل فورم کے چیئرمین اور چیف کوآرڈینیٹر پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن محمد جاوید بلوانی نے حال ہی میں دوست ممالک میں تعینات کئے گئے پاکستانی ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ آفیسرز کے ایسوسی ایشن دورے کے موقع پر خطاب میں کہی۔ انھوں نے بیرون ملک پاکستان کے مشنز میں نئے تعینات ہونے والے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز کو مبارکباد دی اورامید کا اظہار کیا کہ وہ ہماری تجارت، معیشت اور ملک کی بہتری کے لیے اپنے فرائض بہتر اور موثر طریقے سے سرانجام دیں گے۔جاویدبلوانی نے یہ بھی تجویز کیا کہ بیرون ملک پاکستانی تجارتی مشنز میں تعینات تجارت اور سرمایہ کاری افسران کو تمام تجارتی نمائشوں میں شرکت کرنی چاہیے اور برآمد کنندگان تک تجارتی و کاروباری معلومات کی ترسیل کے لیے تجارتی ایسوسی ایشنز کو رپورٹس ارسال کرنی چاہئے جونئی منڈیوں کو تلاش کرنے اور برآمدات کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔