مزید خبریں

لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلیے نئے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے ، خادم حسین

لاہور (کامرس ڈیسک )تاجر رہنما و پاکستان ا سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لیے نئے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے۔ ملک بھر میں پاور پلانٹ ایندھن کی عدم دستیابی اور معمولی خرابیوں کے باعث بند پڑے ہیں حکومت توانائی بحران کے خاتمہ کے لیے بند پاور پلانٹ فی الفور فعال کروائے، کیونکہ ملک کا صنعتی شعبہ لوڈشیڈنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں رہنے سے ہی ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔بار بار لوڈ شیڈنگ سے صنعتی پیدوار میں کمی اور درآمدی اور ملکی آرڈر پورے کرنے میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے جس سے صنعتکاروں کو کروڑوں روپے کے نقصانات کا اندیشہ ہے اس لیے وزیراعظم صنعتی شعبہ کو مسلسل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ ملک میں جاری بدترین لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ ملک میں صنعتی ترقی اور لوڈ شیڈنگ سے نجات کے لیے بجلی کی منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈیموں کی تعمیر سستی بجلی اور توانائی بحران کا آسان ذریعہ ہے ، آب پاشی کے بہتر نظام اور ڈیموں کی تعمیر سے ہی ملک لوڈشیڈنگ اور زرعی پیداوار کے بحران سے نجات پا سکتا ہے۔پچھلے 50سالوں کے دوران ہائیڈل بجلی کی پیداوار کا منصوبہ بندی نہ ہونا ملک کی بد قسمتی رہی ہے۔ ملک میں پانی ذخیرہ کرنے اور بجلی بنانے کے لیے ڈیم نہ بنانے کے باعث بجلی کی ضرورت پوری نہیں ہو رہی۔پانی کی پراسسنگ نہ ہونے سے طلب ورسد کا توازن بگڑ گیا ہے۔