مزید خبریں

بلدیاتی انتخابات شفاف بنانے کیلیے اقدامات کر رہے ہیں، الیکشن کمشنر بدین

بدین (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بدین اظہر حسین ٹاوری اور الیکشن آفیسر کراچی ساؤتھ آرون کمار کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ بدین کے تمام ریٹرننگ افسران کو بلدیاتی انتخابات 2022 کے ضمن میں تربیت فراہم کرنے کے لیے 2 روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی ورکشاپ میں ریٹرننگ افسران کو الیکشن کے دوران تفویض کردہ زمہ داریوں سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر ریٹرننگ افسران کو مختلف فارمز پر کرنے، نتائج کو یکجا کرنے ،بیلٹ بکس ، حساس اور غیر حساس میٹریل کو موصول کرنے سے ترسیل تک کے تمام عوامل سے آگاہ کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بدین نے بتایا کہ نتائج بناتے وقت موجود تمام پولنگ ایجنٹس، آبزرورز اور دیگر سے ضرور دستخط لیے جائیں تاکہ نتائج کی شفافیت برقرار رکھا جائے۔ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بدین اظہر حسین ٹاوری نے کہا کہ ضلع بدین میں صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے اور ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے انتظامات مکمل کرکے عوام کو ایک ایسا ماحول فراہم کیا جائے جس میں تمام ووٹرز پولنگ اسٹیشنز پر آکر اپنا ووٹ کا حق با آسانی سے ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بدین بلدیاتی انتخابات کے عمل کو پر امن اور شفاف بنانے کے لیے ضروری اقدامات کر رہا ہے جس کہ لیے تمام ریٹرننگ افسران کو تربیت فراہم کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا پرامن اور شفاف انعقاد ، نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی حقیقی جمہوریت کی طرف اہم پیش رفت ہوگی۔