مزید خبریں

امپورٹڈ حکومت انتقامی کارروائیوں پر اُتر آئی،عمران قریشی

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد کے سینئر رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت انتقامی کارروائیوں پر اُتر آئی ہے ، کارکنان کو گرفتار کیا جارہا ہے ان پر جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ احتجاج کرنا ہر ایک کا جمہوری حق ہے لیکن شہباز شریف کی حکومت جو ملکی حالات تبدیل کرنے کے نام پر آئی تھی لیکن اب وہ اپنے اور اپنے اتحادیوں کے کرپشن کے مقدمات ختم کرانے میں لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج مہنگائی آسمان کو پہنچ گئی ہے گھی اور تیل کی قیمتوں میں 200 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے ، اسی طرح ادویات ، تعمیراتی میٹریل ، آٹا، چینی، دالیں او ردیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں ، آج پی ڈی ایم والے مہنگائی کیخلاف احتجاج کیوں نہیں کررہے ہیں، کل تک جو لوگ عمران خاان کو مہنگائی کا زمہ دار قرار دے رہے تھے اب وہ برسراقتدار آئے ہیں تو انہوں نے ریکارڈ مہنگائی کردی ہے۔ اس حکومت کو فوری طورپر گھر بھیجا جائے اور عام انتخابات کا اعلان کرکے صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس حکومت میں شامل بعض دیگر وزراء کرپشن ، منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کے مقدمات میں ملوث ہے ان سے کسی طورپر بھی بہتری کی توقع نہیں رکھی جاسکتی ہے ۔ اس لیے عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری طورپر انتخابات کرائے جائیں۔