حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ملک میں جاری شدید گرمی ، بجلی کا شارٹ فال ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر کے لیے اوور لوڈنگ کا سبب بن رہا ہے جس کی وجہ سے آئے دن ٹرانسفارمر خراب اور پھٹ رہے ہیں اور جب یہ ٹرانسفارمر جو ناقص میٹریل سے بنائے جاتے ہیں تو پھر دوبارہ خراب ہوجاتے ہیں جس کی تمام ذمے داری لائن سپرنٹنڈنٹ پر ڈال دی جاتی ہے اور پھر بطور سزا ریکوری، شوکاز، برطرفی اور بدلی آڈٹ پیراز کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ افسران اس سارے عمل سے بری الزمہ قرار پاتا ہے جس کے باعث لائن سپرنٹنڈنٹ میں سخت بے چینی اور اضطراب پیدا ہورہا ہے جس کی تلافی کرنا نہ صرف ادارے کی ذمے داری ہے بلکہ یونین بھی آپ کے اس جائز مسئلے کے حل کیلیے اپنا کردار ادا کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے لیبر ہال حیدرآباد میں لائن سپرنٹنڈنٹ کے ایک نمائندہ وفد جس کی قیادت الطاف سہاگ کررہے تھے سے کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر یونین کے صوبائی سیکرٹری اقبال احمد خان ، اعظم خان، حامد علی قائنخانی بھی موجود تھے۔ جبکہ وفد کے دیگر ارکان میں کمال شاہ ، مشکور میمن ، غلام نبی کھوسو، دھرمیندر، خالد ریحان و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر الطاف سہاگ نے بتایا کہ ناقص سامان سے تیار کردہ ٹرانسفارمر روزانہ کہیں نہ کہیں پھٹ اور خراب ہورہے ہیں ، ادارے میں مرمت کیلیے سامان فراہم نہیں کیا جارہا ، اسٹاف کی شدید کمی واقع ہوچکی ہے جبکہ کام کا دبائو اور لوڈ دن بدن بڑھ رہا ہے جو حادثات کا مؤجب بن رہا ہے ، کام کیلیے گاڑیاں نہیں ہیں حیسکو میں شٹ ڈائون دینے والا محکمہ پی ڈی سی فالٹ آنے کی صورت میں بروقت کام کیلیے پرمٹ جاری نہیں کرتا ہے جو کام میں تاخیر اور حادثے کی وجہ بن رہا ہے ، انہوں نے بتایا کہ ایل ایس حضرات جب ریٹائرمنیٹ ، ترقی اور اپ گریڈیشن پر پہنچتے ہیں تو ان کے خلاف مخفی رکھے گئے انٹرنل اور گورنمنٹ آڈٹ پیراز پیش کردیے جاتے ہیں قبل ازیں ان پیراز کی اطلاع بھی نہیں دی جاتی ہے ان عوامل کے باعث ہماری ترقیاں ، اپ گریڈیشن اور ریٹائرمنٹ کے وقت ہمارے واجبات اور پنشن تک روک دی جاتی ہیں جو ہمارے ساتھ انتہائی تکلیف دہ اور ظالمانہ عمل ہے لہذا یونین ہماری داد رسی کرے۔ قائد مزدور عبداللطیف نظامانی نے وفد کے اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ آپ کے مسائل جائز ہیں انہیں حل ہونا چاہیے کیونکہ ادارے میں افسران کے بعد آپ ہی کا کردار بڑا اہم ہے اگر آپ بھی مسائل سے دوچار ہوں گے تو ادارے کی کارکردگی متاثر ہوگی۔اس موقع پر یونین کے صوبائی سیکرٹری اقبال احمد خان نے بتایا کہ آپکی سی بی اے یونین ملازمین کے مسائل کے حل کیلیے مسلسل اپنا کردار ادا کرتی چلی آرہی ہے خواہ ان کا تعلق کسی بھی کیڈر سے ہے وہ سب کیلیے کام کررہی ہے حتیٰ کہ ریٹائرڈ ملازمین اور بیوائوں کیلیے بھی مصروف عمل ہے۔