مزید خبریں

نیشنل پارٹی تمام سیاسی جماعتوں اور آزاد اراکین سے رابطہ میں ہے

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت )نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع کیچ کے ضلعی چیئرمین و وائس چیئرمین اور میونسپل کارپوریشن تربت کے میئر اور ڈپٹی میئر کے حوالے سے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں چار رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے اراکین مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی، جسٹس ریٹائرڈ شکیل احمد بلوچ اور واجہ ابوالحسن بلوچ ہیں مذاکراتی کمیٹی ضلع کیچ کے ضلعی چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین اور تربت میونسپل کارپوریشن کے میئر و ڈپٹی میئر کے حوالے سے سیاسی پارٹیوں کے قائدین سے فوری رابطہ کرکے مشترکہ حکمت عملی پر مشاورت کریں گے۔نیشنل پارٹی کا مذاکراتی کمیٹی بلوچستان نیشنل پارٹی( مینگل) بلوچستان نیشنل پارٹی(عوامی) کے اصغر علی رند، بلوچستان عوامی پارٹی کے لالا عبدالرشید اور عبدالرئوف رند، پاکستان نیشنل پارٹی( عوامی) کے سید احسان شاہ اور دیگر رہنمائوں اور آزاد اراکین بلدیاتی کونسل سے باقاعدہ ملاقات کریں گے اور ضلع کیچ کے ضلعی چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین اور تربت کے میئر و ڈپٹی میئر کے حوالے سے مشاورت اور مشترکہ حکمت عملی پر فیصلہ کریں گے۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی تمام سیاسی جماعتوں اور آزاد اراکین سے رابطہ اور مشورہ کرکے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر غور کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے جس پر بھی اعتماد کا اظہار کیا ہے نیشنل پارٹی نے خوش آمدید کہا ہے اور کوشش کریں گے کہ تمام افراد کو اعتماد میں لے کر مشترکہ فیصلہ کریں۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر الیکشن کمیشن کا کردار مثبت رہا ہے جبکہ انتظامیہ کا کردار روایتی جانبداری کا رہا ہے جس نے انتخابی عمل کی مکمل شفاف پر سوالات اٹھائے ہیں، بعض علاقوں میں انتظامیہ کا جھکائو حکمران جماعت کے امیدواروں کی طرف بڑھ رہا ہے اور غیر ضروری مسائل و مشکلات اپوزیشن جماعتوں کے لیے پیدا کیے گئے جس سے منفی تاثر برقرار رہا۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو مزید بااختیار بنانے اور افرادی قوت فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انتخابی عمل میں انتظامیہ کی مداخلت کو کمتر کیا جائے اور الیکشن عمل کی شفافیت پر سوالات پیدا نہ ہوں۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نیشنل پارٹی اور اس کی قیادت پر عوام کے بھرپور اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ نیشنل پارٹی اور اس کی قیادت بلوچستان کے عوام کے بنیادی سیاسی اور قومی حقوق اور ساحل وسائل پر بلوچستان کے عوام کے دسترس پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا ملک میں جمہوریت کے استحکام قانون کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی نیشنل پارٹی کا نصب العین ہے۔