مزید خبریں

حج سبسڈی شرعاً جائز ہے، اسلامی نظریاتی کونسل

اسلام آباد (اے پی پی)اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ کونسل کے حوالے سے حج سبسڈی کی مخالفت کے حوالے سے چلنے والی خبریں حقائق کے منافی ہیں، اسلامی نظریاتی کونسل کا حج سبسڈی کے حوالے سے سابق دور میں دیے گئے فیصلے کے مطابق حج سبسڈی شرعا جائز ہے۔ بدھ کو اپنے ایک وضاحتی بیان میں اسلامی نظریاتی کونسل کے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے اسلامی نظریاتی کونسل سے حج سبسڈی کے متعلق استفسار کیا تھا جس پر وزارت مذہبی امور کو اسلامی نظریاتی کونسل نے رائے دیتے ہوئے کہا تھا کہ شرعا حکومت کی طرف سے حج پر سبسڈی دینا جائز ہے، اس میں کوئی حرج نہیں ہے اور یہ عمل حجاج کے صاحب استطاعت ہونے کے منافی نہیں۔ نیز یہ سبسڈی بلاتفریق دی جائے، چاہے کوئی سرکاری طور پر حج کرے یا پرائیویٹ طور پر، تاہم حکومت زکوٰۃ کی رقوم سے سبسڈی دینے میں احتیاط برتے تو بہتر ہے۔ ادھرچیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے حکومت کی طرف سے جاری کردہ سرکاری حج پیکج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حج کو آسان بنانے اور اخراجات میں کمی لانے کے لیے وفاقی وزارت مذہبی امور کی کاوشیں لائق صد تحسین ہیں۔