حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے اشتراک سے چیمبر سیکرٹریٹ میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) نے نیشنل بزنس ڈیولپمنٹ پروگرام (این بی ڈی پی) کے تحت روکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ماسٹر ٹرینر اسد علی جونیجو نے ہیومین ریسورس مینجمنٹ اسٹریجیٹیز فار ایس ایم ایز کے موضوع پر مکمل بریفنگ دی اور حیدرآباد کے تاجروں اور صنعتکاروں سے ون ٹو ون ملاقات کر کے اُن کے کاروبار میں پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کے تفصیلی جوابات بھی دیے۔ ماسٹر ٹرینر نے کہا کہ اِس سیشن میں حیدرآباد کے تاجروں اور صنعتکاروں نے کافی تعداد میں شرکت کی اور اپنے کاروبار میں ہیومن ریسورس کے حوالے سے مختلف الجھنوں کو ختم کرنے سے متعلق سوالات کیے جن کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد ادریس میمن، نائب صدر مسرور اقبال اور کنوینر سمیڈا سب کمیٹی و سابق صدر دولت رام لوہانہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اس طرح کے سیشن کاروباری لوگوں کے لیے بہت مفید ہوتے ہیں کیونکہ انہیں اپنے کاروبار میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے حوالے سے تمام سوالات کے جوابات بھر پور انداز میں دیے جاتے ہیں۔