مزید خبریں

الیکشن شیڈول کا اعلان ہوتوبات چیت کیلیے تیار ہیں‘ فواد چو دھری

لاہور(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت الیکشن شیڈول کا اعلان کرے ،بات چیت کے لیے تیار ہیں، کوئی عزت دار شخص موجودہ سسٹم کے ذریعے عہدہ قبول نہیں کرے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب بغیر حکومت کے چل رہا ہے اور حمزہ شہباز غیر قانونی طریقے سے وزیراعلیٰ بنے ہیں، حمزہ شہباز کا مقدمہ روزانہ کی بنیاد پر چلنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر ری الیکشن کا آرڈر کریں،عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ نہیں رہے اور حمزہ شہباز کے پاس اب اکثریت بھی نہیں رہی۔ پنجاب کے لوگوں کو آئینی حق سے محروم نہ کیا جائے۔فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 224کو معطل کر دیا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ کسی طرح غیر آئینی انداز سے حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ رہنے دیا جائے۔الیکشن کمیشن کی تبدیلی کے لیے ن لیگ، پی پی سے بات کرنے کو بھی تیار ہیں، اب اسپیکر کے پاس کوئی اختیار نہیں کہ وہ ہمیں طلب کر کے ہماری رائے لیں اور جب اسپیکر کے پاس رائے لینے کا اختیار ہی نہیں تو اراکین ان کے پاس کیوں جائیں۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو قانون اور انصاف کے مطابق فیصلے کرنے چاہئیں، ایک جماعت کے لیے ساری ساری رات عدالتیں کھلیں یا دوسروں کو خوش کرنے کے لیے فیصلے نہیں ہونے چاہئیں۔