مزید خبریں

صوبائی کابینہ نے گھی اور چینی پر سبسڈی دینے کی منظوری دیدی

لاہور (اے پی پی)صوبائی وزیر عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آئینی طور پر گورنر پنجاب حلف اٹھا چکے ہیں اور قانونی طور پر صوبائی کابینہ معرض وجود میں آ چکی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کابینہ اجلاس کے فیصلوں پرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی صدارت میں منعقد ہوا ، امن و امان کا قیام اور غریب عوام کو سستی اشیا کی فراہمی کابینہ اجلاس کا بنیادی ایجنڈا تھا ۔ کابینہ نے رمضان المبارک میں آٹے ، چینی اور خود و نوش کی دیگر اشیا پر فراہم کردہ سبسڈی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ۔اس کے علاوہ کابینہ نے گھی اور چینی پر سبسڈی دینے کی ابتدائی منظوری دی جس کا باضابطہ اعلان وزیر اعلی پنجاب خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قلت کے باوجود گندم خریداری کے 50لاکھ ٹن کے ہدف کو حاصل کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا کیونکہ فوڈ سیکورٹی کے مسائل کے باوجود انتظامیہ نے شب و روز کی محنت کے بعد اس ٹارگٹ کو حاصل کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں غریب عوام کو سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور10 کلو آٹے کا تھیلا400 روپے میں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ گھی اور چینی پر بھی خاطر خواہ سبسڈی فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ پچھلی حکومت نے بمپر کراپ کا چرچہ کیا لیکن عوام کو سستے آٹے کی فراہمی نہیں ہوئی ۔