مزید خبریں

توانائی بحران برقرار لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک جا پہنچا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں توانائی کا بحران شدت اختیار کر گیا اور بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ ریکارڈ کیاگیا۔ پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ملک میں بجلی کی طلب 28200 میگاواٹ ہوگئی اور رسد 21200 میگاواٹ کے لگ بھگ رہی‘ پانی سے 4 ہزار 635 میگاواٹ بجلی، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس ایک ہزار 60 میگاواٹ بجلی اور آئی پی پیز سے 9 ہزار 677 میگاواٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق تیل ،گیس اورکوئلے کی قلت کے باعث متعدد پلانٹس بند ہوگئے ہیں‘ ملک کے مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری رہی اور زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ رہا۔ ذرائع کے مطابق ڈیٹا کی عدم دستیابی کی وجہ سے شیڈول لوڈشیڈنگ کا طریقہ کار استعمال نہیں ہو رہا۔ دوسری جانب توانائی بحران کے باعث کراچی اور لاہور کو بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے ‘ لیسکو کا شارٹ فال 800 میگاواٹ تک جا پہنچا جس کے باعث شہر میں ہر 2 گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے 9 سے 10 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی گئی۔