مزید خبریں

پنجاب کابینہ ،سستے آٹے کی فراہمی کیلئے 200 ارب روپے سبسڈی کی منظوری

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدرات ہونے والے صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس میں عوامی سہولت اورپبلک کو ریلیف دینے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔صوبائی کابینہ کی طرف سے سستے آٹے کی فراہمی کے لیے دی جانے والی 200ارب روپے کی سبسڈی کی منظوری کے بعد 10 کلو آٹے کا تھیلا 160روپے سستا ہونے کے بعد چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات میں 490 روپے میں فروخت کے لیے دستیاب ہوگا۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جان بوجھ کر رکاوٹیں ڈال کر کابینہ کی تشکیل میں بے پناہ تاخیر کی گئی، معیشت سسکیاں لے رہی ہے اور عوام پریشان ہیں، مایوسی کے دور میں ہمیں امید کی کرن بننا ہے۔ حمزہ شہباز کا کہناتھا کہ صورتحال ’’ایک آگ کا دریا ہے اور ڈوب کے جانا ہے‘‘ کے مصداق ہے۔اللہ تعالیٰ اگر ہم سے مخلوق کی خدمت کا کام لیناچاہ رہا ہے تو کوئی ہمیں روک نہیں سکتا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ترقی کے لیے عوامی خدمت کے مشن کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ اس موقع پر صوبائی کابینہ کی طرف سے وزیر اعلیٰ پر مکمل اعتماد کا اظہارکیاگیا۔ اجلاس میں رمضان پیکج 2022ء کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دی گئی،کابینہ نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے نئے بورڈ کے قیام اور گندم خریدنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔