مزید خبریں

اسلام آباد میں فسادی مارچ کو کسی صورت داخل نہیں ہونے دیں گے،وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد (آن لائن) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملک کو فسادی جتھوں اور شرپسند عناصر کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا نہیں جا سکتا۔ دارالحکومت اسلام آباد میں فسادی مارچ کو کسی بھی صورت داخل نہیں ہونے دینگے۔ وزیر داخلہ کی زیر صدارت اسلام آباد پولیس اورفرنٹئیر کانسٹیبلری کی آپریشنل استعداد کاربڑھانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں امن و امان کے لیے اسلام آباد پولیس اورفرنٹئیر کانسٹیبلری کو مزید مالی،تکنیکی وسائل اور لیگل سپورٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں اورالاؤنسز کو پنجاب پولیس کے مساوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے شہدا پیکیج کے ایک ارب کے بقایاجات فی الفورادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فرنٹئیر کانسٹیبلری کی تنخواہیں، الاونسز اور شہدا پیکیج کو خیبر پختونخوا پولیس کے مساوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ فرنٹیئر کانسٹیبلری کو پولیس کی معاونت کے لیے بطور فساد مخالف فورس استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ دارالحکومت کی فول پروف سیکورٹی کے لیے لاہور کی طرز پر اسلام آباد سیف سٹی کو جدید ترین بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ امن و امان کی یقینی اور اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے دارالحکومت اسلام آباد میں کیمروں کی کوریج کو سو فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں راولپنڈی اسلام آباد جڑواں شہروں کی پولیس اور انتظامیہ کے درمیان کو آرڈی نیشن میکینزم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوے رانا ثناء اللہ نے کہا ملک کو فسادی جتھوں اور شرپسند عناصر کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا دارالحکومت اسلام آباد میں فسادی مارچ کو کسی بھی صورت داخل نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا فسادی مارچ اور شر پسند عناصر کو سختی سے کچلا جائے گا۔قانون ہاتھ میں لینے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔ انہوں نے کہا گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے فسادی مارچ کے شرپسندوں کی پولیس، رینجرز اور ایف سی اہلکاورں پر تشدد اور حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اور ایف سی کی تنخواہیں، الائونسز اور شہدا پیکیج کو آئندہ مالی سال سے پنجاب اور خیبر پختونخوا پولیس کے مساوی کر دیا جائے گا۔