مزید خبریں

حکومت الیکشن کی تاریخ دے،قومی اسمبلی میں آنے کو تیار ہیں،پی ٹی آئی

لاہور (نمائندہ جسارت)تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں مشروط واپسی کا عندیہ دے دیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری کا کہنا تھاکہ حکومت الیکشن کی تاریخ کااعلان کرے تو تحریک انصاف قومی اسمبلی میں واپس جانے کے لیے تیارہے، انتخابی اصلاحات کا بل اب تک مؤخر ہے اس پر بات چیت ہوسکتی ہے۔ سابق وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ راجا ریاض کے نامزدکردہ الیکشن کمیشن کے تحت تو انتخابات نہیں کرائے جاسکتے، الیکشن کمیشن کو ایک آزاد الیکشن کمیشن کی حیثیت میں واپس لانا ہے۔فوادچودھری نے کہا کہ تمام چیزوں پربات چیت اور سیاسی جماعتوں کے مابین باہمی رابطہ ضروری ہے، وزیراعظم اسمبلی تحلیل ہونے کی تاریخ کا اعلان کریں توباقی سب کچھ ممکن ہے۔ان کا کہنا رتھا کہ عدالتوں کو تحریک انصاف یا ن لیگ کو سن کر نہیں بلکہ قانون اور انصاف کے مطابق فیصلے کرنے چاہیے، ایک جماعت کے لیے ساری ساری رات عدالتیں کھلیں یا دوسروں کو خوش کرنے کے لیے فیصلے نہیں ہونے چاہیے، تمام بڑی سیاسی تحریکیں ہائی کورٹ کے برگد کے سائے سے شروع ہوئیں، ہم ایک اور جدوجہد یہاں سے شروع کرنے آئے ہیں۔