مزید خبریں

این اے 240 ضمنی انتخاب ، تیاری مکمل، 25 امیدوار میدان میں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 کورنگی میں ضمنی انتخاب کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، ایم کیوایم ، پیپلزپارٹی ، تحریک لبیک اور پاک سرزمین پارٹی سمیت مختلف جماعتوں اور آزاد 25 امیدوار میدان میں ہیں، تحریک انصاف نے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے، ایم کیوایم ، تحریک لبیک اور پی ایس پی میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔ پولنگ 16 جون کو ہوگی اور 5 لاکھ 29 ہزار 855 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن کے لیے 309 پولنگ اسٹیشن اور 1236 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں ، جبکہ 3090 افراد پر مشتمل انتخابی عملہ پولنگ کی نگرانی کرے گا ، 203 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس اور 106کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کی نشست این اے 240 کورنگی متحد قومی موومنٹ (ایم کیوایم )پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان المعروف اقبال ڈپٹی کے انتقال سے خالی ہوئی ہے۔ ضمنی انتخاب کے لیے ایم کیوایم پاکستان کے محمد ابوبکر ، تحریک لبیک کے شہزادہ شہباز، پاک سرزمین پارٹی کے شبیر احمد قائم خانی،پیپلزپارٹی کے ناصر رحیم اور مہاجر قومی موومنٹ کے سید رفیع الدین سمیت 25 امیدوار میدان میں ہیں، جماعت اسلامی نے اپنا امیدوار میدان میں نہیں اتارا ہے۔علاوہ ازیں ایم کیو ایم کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے ڈی آر او پرویز کلہوڑو کو ہٹا کر ان کی جگہ ریجنل الیکشن کمشنر کراچی سید ندیم حیدر کو نیا ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر تعینات کردیا ہے۔ایم کیو ایم رہنما کنور نوید کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میںڈی آر او کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مؤقف اپنایا تھا کہ ڈی آر او نے پی پی امیدوار کو فائدہ پہنچانے کے لیے الیکشن سے قبل ہی دھاندلی شروع کردی ہے۔