مزید خبریں

کم عمری میں شادی، 5 پولیس افسران کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں کم عمری میں شادی سے متعلق کیس میں درخواست ضمانت کی سماعت کی گئی، عدالت نے آئی جی سندھ کو 5 پولیس افسران کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں کم عمری کی شادی سے متعلق سماعت ہوئی جہاں عدالت نے کیس کے ایس پی انویسٹی گیشن ،ایس ایچ او کلفٹن اور تین تفتیشی افسران کو جمعرات کو طلب کرلیا۔ عدالت نے آئی جی سندھ کو 5 پولیس افسران کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ عدالت کاکہناتھا کہ آئی جی سندھ کو خصوصی طور پر نوٹس کی تعمیل کرائی جائے ، سرکاری وکیل تمام پولیس افسران کی 2 جون کو حاضری یقینی بنائیں ،اگر پولیس افسران پیش نہ ہوئے تو نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے ۔ملزم محمد ارتضیٰ نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جنوبی کے آرڈر کے خلاف درخواست دائر کررکھی ہے ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے 7 اپریل کو ملزم ارتضیٰ کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔ مدعی مقدمہ کاکہناتھا کہ ملزم ارتضیٰ نے میری آٹھویں کلاس کی بیٹی سے زبردستی شادی کرلی ہے۔دوسری جانب ملزم کے وکیل کا کہنا ہے کہ محمد ارتضیٰ کے خلاف مقدمہ بد نیتی کی بناء پر درج کرایا گیا ہے، ملزم ارتضیٰ کے خلاف کلفٹن تھانے میں کم عمری کی شادی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔