مزید خبریں

اسٹینڈرڈ کیمیکل کمپنی کے 300ملازمین کی بحالی کا مطالبہ

کراچی (پ ر ) لانڈھی صنعتی ایریا میں اسٹینڈرڈ کیمیکل فیکٹری کی انتظامیہ نے فیکٹری میں کام کرنے والے 300سے زائد محنت کشوں پر فیکٹری کے دروازے بند کر دیے اور ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کر دیا گیا۔جس پر محنت کش احتجاجاً فیکٹری گیٹ پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان ،جنرل سیکرٹری محمد قاسم جمال ،این ایل ایف کورنگی لانڈھی کے صدر شہادت علی اور ملحقہ یونیز کے ذمے داران وکارکنان بھی پہنچ گئے اورانہوں نے اسٹینڈرڈ کیمیکل کمپنی کے محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے احتجاجی دھرنے میں شرکت کی ۔نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان نے کہا کہ15سال سے کام کرنے والوں پرفیکٹری کے دروازے بند کرنالیبر قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اگر تمام ملازمین کو ملازمتوں پر بحال نہیں کیا گیا تو این ایل ایف ان ملازمین کے ساتھ کراچی پریس کلب پر احتجاج کرے گی اور وزیر اعلیٰ ہائوس تک مارچ کیا جائے گا اور حالات کی تمام تر خرابیوں کی ذمے داری حکومت پر عائد ہوگی ۔